خواتین کو مردوں کی نسبت زیادہ نیند کی ضرورت کیوں؟

April 19, 2018

خواتین اور مردوں کی جسمانی ضروریات مختلف ہوتی ہیں اور اس بات سے ہم سب ہی آگاہ ہیں کہ خواتین کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ سردی لگتی ہے اور کسی بھی بات پراُن کے دماغ کا ردعمل بھی مختلف ہوسکتا ہے۔

اسی طرح خواتین کو مردوں کی نسبت نیند کی بھی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، انگلینڈ کی لوبورو یونیورسٹی کےسلیپ ریسرچ سینٹر کی تحقیق میں بھی واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ خواتین کے لئے مردوں کے مقابلے میں زیادہ نیند ضروری ہے۔

خواتین کے لئے اضافی نیند کے پیچھے دو بنیادی وجوہات کارفرما ہیں، ایک جیسی سرگرمیوں سے ریکور کرنے کے لئے خواتین کے دماغ کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے اور سوکر اٹھنے کے بعد خواتین کا دماغ مردوں کی نسبت زیادہ سخت کام کرتا ہے۔

خواتین کو کتنی دیر سونا چاہئے؟

نیشنل سلیپ فاؤنڈیشن کے ’وومن اینڈ سلیپ‘ پول کے مطابق 30 سے 60 سال عمر کی خواتین کو ویک ڈیز میں 6 گھنٹے 45 منٹ کی نیند لینی چاہئے۔

خواتین میں ہارمونل تبدیلیاں زیادہ ہوتی ہیں

خواتین میں ہارمونل تبدیلیاں بہت زیادہ ہوتی ہیں جس کی وجہ سے اُن کے جسم کو زیادہ آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔

خواتین کا مصروف شیڈول

روزمرہ گھریلو مصروفیات سے نبرد آزما ہونا آسان نہیں، یہ معاملات اُس وقت اور زیادہ مشکل ہوجاتے ہیں جب کوئی خاتون ملازمت بھی کرتی ہوجبکہ بچوں کی پرورش اور کھانا پکانا بھی خاتون کے لئے ہی مخصوص تصور کیا جاتا ہے۔

ایک وقت میں کئی کام کرنے کے لئے زیادہ دماغی سرگرمی کی ضرورت ہوتی ہےلہٰذا دماغ کی بحالی کے لئے خواتین کو نیند بھی زیادہ درکار ہوتی ہے۔

نیند کی کمی وزن میں اضافے کا سبب

بیشتر کیسز میں خواتین کے موٹاپے کا سبب نیند کی کمی ہوتی ہے، نیند میں کمی اسٹریس ہارمونز کے اخراج، ہائیڈرو کورٹیسون کا باعث بنتی ہےجو خواتین کو پریشانی میں مبتلا کرتی ہےجبکہ زیادہ ہائیڈرو کورٹیسون کا مطلب ہے زیادہ بھوک یعنی موٹاپے میں اضافہ۔دوسرے الفاظ میں وزن بڑھنے کا شیطانی چکر۔

لہٰذااپنے وزن کو کنٹرول کرنے کے لئے خواتین کو کافی نیند لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

خواتین کی مختلف دماغی بناوٹ

خواتین کے دماغ کی بناوٹ مردوں سے کچھ مختلف ہے،خواتین کے دماغ کی جذباتی اور تجزیاتی سوچ کے لئے بہترین کارکردگی ہوتی ہے ، ایک وقت میں مختلف کاموں کی وجہ سے دماغ بلند رفتار پر ہوتا ہے، جسے نیچے آنے میں وقت لگتا ہے ، جس کی وجہ سے اُنہیں نیند کی آگوش میں جانے کے لئے مشکل پیش آتی ہے۔

بیشتر خواتین کو کافی آرام نہیں ملتا

روزمرہ کے سخت معمولات کی وجہ سے خواتین اپنے لئے وقت نہیں نکال پاتیں جبکہ اپنے بچوں کی نیند کے اوقات سے مطابقت پیدا کرنا بھی اُن کے لئے ایک مسئلہ ہوتا ہےکیونکہ چھوٹے بچوں کی نیند کے اوقات تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

تحقیق میں نشاندہی کی گئی ہے کہ نیند میں بہت زیادہ کمی خواتین میں چڑچڑا پن بڑھا سکتی ہے۔

خواتین کے دماغ میں خون کا بہاؤ زیادہ

خواتین کے دماغ میں خون کا بہاؤ پریفرنٹل کورٹیکس میں زیادہ ہوتا ہے، پریفرنٹل کورٹیکس توجہ مرکوز رکھنے، قوت محرکہ اور دماغ کے جذباتی حصوں کو برقرار رکھنے میں مددگار ہوتی ہے جو موڈ اور پریشانی کو ہینڈل کرتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ خواتین کو مردوں کی نسبت زیادہ ہمدرد اور بدیہی سمجھا جاتا ہے۔

خواتین کو مردوں سے کتنی زیادہ نیند کی ضرورت؟

خواتین کو مردوں سے زیادہ نیند لینی چاہئے؟ اس کی وجوہات تو کئی ہیں، لیکن خواتین کومردوں سے صرف 20 منٹ زیادہ نیند لینا ہی کافی ہے۔

جی ہاں! صرف 20منٹ اضافی نیند خواتین میں خوشی کی سطح کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔