واٹربورڈ سے کے الیکٹرک کے واجبات ادا کرائے جائیں، اویس لغاری

April 22, 2018

کراچی ؍اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر؍نیوز ایجنسیز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے حکومت سندھ کو خط لکھ کر واٹربورڈ سے کے الیکٹرک کے واجبات کی ادائیگی کرانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اویس لغاری کو جوابی خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر بورڈ کے وفاقی اداروں کیخلاف 1.08ظارب روپے کے پانی کے بلوں کے واجبات ہیں اور کئی بار وفاقی حکومت کو کہا گیا ہے کہ لیکن ادائیگی نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں اویس لغاری نے کہا کہ کراچی واٹر بورڈ کے ذمہ کے الیکٹرک کے 32 ارب روپے ادا کیے جائیں، کے الیکٹرک کو رقم ملی تو وہ سوئی سدرن کے ساتھ اپنا مسئلہ حل کر سکتی ہے، واٹر بورڈ سے کے الیکٹرک کو رقم دلوانے میں وزیراعلی اپنا کردار ادا کریں۔ اویس لغاری نے کہا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق کے الیکٹرک اپنے بند پاور پلانٹس تیل پر چلا سکتا تھا۔ بعدازاں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اویس لغاری کو جوابی خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو ریگیولیٹ کرنے کی ذمہ داری نیپرا کی ہے،جب کے الیکٹرک کو پرائیویٹائز کیا گیا تب سندھ حکومت کو معاہدے سے بالکل دور رکھا گیا اور سندھ حکومت کو اس معاہدے میں شریک نہیں کیا گیا۔