شب برات منگل اور بدھ کی رات منائی جائے گی، مرکزی جماعت اہلسنت

April 26, 2018

لندن( جنگ نیوز) مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے مرکزی قائدین اور اہلسنت کے ممتاز علمائے کرام ، مشائخ اور اہلسنت کی مذہبی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ شب برات یکم مئی بروز منگل اور بدھ کی درمیانی شب منائی جائےگی۔ علمائے کرام نے کہا کہ یہ رات جو عبادت وریاضت اور اللہ کے حضور معافی ومغفرت مانگنے اور اللہ کریم کی رحمتوں اور برکتوں کی مبارک رات ہے ، کو عقیدت واحترام سے مناکر اللہ تعالی اور اس کے حبیب کریمﷺ کا قرب حاصل کریں، اس رات کو اپنے لئے اپنے والدین کیلئے اور پوری ملت اسلامیہ کیلئے اجتماعی دعائوں کااہتمام کریں۔ برطانیہ ویورپ کی دیگر مساجد کی طرح دارالعلوم قادریہ جیلانیہ والتھم سٹولندن ،جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ لوٹن، جامعۃ الزھرا ہیلی فیکس میں خصوصی خطابات، محافل، شب بیداری، صلوٰۃ التسبیح کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، مساجد ساری رات نمازیوںکیلئے کھلی رہیں گی جب کہ قبرستانوںمیں قبور پر جانے والوں کیلئے بھی سہولیات کا انتظام کیاگیا ہے۔