یوسف گیلانی کو نااہل کروانے والا آج خود نااہل ہوگیا،چانڈیو

April 26, 2018

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو افتخار چوہدری کی عدالت سے نااہل کروانے والا آج خود نااہل ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ میثاق جمہوریت سے منہ موڑنے کا خمیازہ بھگت رہی ہے ، کاش ن لیگ میثاق جمہوریت کی روح کو سمجھتی تو آج اس طرح رسوا نہ ہوتی۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ نوازشریف نے میثاق جمہوریت کو بزنس ڈیل جتنی اہمیت بھی نہ دی۔

نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے مفادات کی سیاست کر کے جمہوری اداروں کو کمزور کیا ، پیپلز پارٹی نواز شریف کو پارلیمنٹ کا راستہ دکھاتی رہی اور وہ عدالتوں کی طرف بھاگتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جمہوریت کو پھر کئی دہائیوں پیچھے دھکیل دیا، یہ تاجر پھر ڈیل کر کے باہر چلے جائیں گے ، خمیازہ ملک و قوم کو بھگتنا پڑے گا ۔