’’بیسمنٹ میں تعمیر‘‘ مہنگا شوق لیکن اعلیٰ ذوق

May 05, 2018

کہتے ہیں فیشن دوبارہ لوٹ کر آتا ہے چاہے وہ کپڑوں کاٹرینڈ ہوجیولری کا ہو یا یوں بھی کہیں توغلط نہ ہوگا کہ مکانات کی تعمیر کا ۔۔جی ہاں !مغرب کا مہنگا شوق جو 1990میں مشرق میں بھی خاصا مقبول تھا جدید مکانوں کی تعمیر وآرائش میں ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔

آپ نے بھی دیکھا ہوگا کہ مغرب کے زیر اثر بیسمنٹ بنانے کا رواج ان دنوں پاکستان میں خاصا زور پکڑ رہا ہے گھر کے مکین بیسمنٹ ایریا کو بھی مختلف استعمالات میں لانےلگے ہیں جو ایک طرف آپ کے تعمیراتی ماڈل کو جدت بخشتا ہے تو دوسری طرف آپ کو سماجی سرگرمیوں سے متعلق استعمال کے لئے اضافی جگہ فراہم کرتا ہے۔

اگرچہ یہ ایک مہنگا شوق ہے لیکن کار آمد اور تخلیقی ماہرین کے مطابق اگر پلاٹ کا لیول زیادہ نیچا ہو تو اخراجات میں کمی آ جاتی ہے۔تو آئیے آج زیر نظر موضوع پر کچھ بات کرلیتے ہیں بیسمنٹ کی،اس کی تعمیر کی اور اس سے متعلق کچھ تخلیقی آئیڈیا زکی جو آپ کو دوران تعمیر ضرور کا م آئیں گے۔۔۔

بیسمنٹ پلے ہاؤس

اگرچہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بیسمنٹ کی جگہ کو جدید تعمیر اتی انداز میں تبدیل کرنا خاصا بڑا اور مہنگاکارنامہ ہو گا مگر آپ اسے اس طرح لیں کہ بیسمنٹ کی تعمیر پر ہوا خرچہ تین گنا آپ کی عمارت کی قیمت میں شامل ہو گا تویہ سودا آپ کو ہرگز مہنگانہیں لگے گا ۔

ہم اکثر وبیشتر بچوں کے کھیلنے والی جگہوں سے متعلق فکر مند نظر آتے ہیں اگر یہی جگہ آپ کو آپ کی بیسمنٹ میں مل جائے تو آپ ہر گز پریشان نہ ہوں ۔بیسمنٹ میں بنے ایک کمرے کو کھیل کے کمرے کے طور پر مختص کیا جاسکتا ہے اس کمرے میں شیلف کی تعمیر کے ذریعے اسے کھیل کا کمرہ بنایا جاسکتا ہے۔یہ اضافہ آپ کے گھر کو باقی گھروں کے سمندر سے الگ اور نمایاں کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ساتھ ہی دو کھیلوں کی میزوں سے گھنٹوں تفریح بھی میسرہوگی۔

زیر زمیں لائبریری

اس حصے میں شیلف کے ذریعے اسٹڈی کا سامان بھی بآسانی پیدا کیا جاسکتا ہے۔ ایک دیوار گیر شیلف کی تعمیر آپ کا یہ خواب بآسانی پورا کرسکتی ہےلائبریری صرف کتابیں رکھنے کے لیے نہیں بلکہ فن پاروں کی نمائش کے بھی کام آتی ہے۔آپ کتابوں کے رنگوں اور سائز کے مطابق ان کے درمیان فن پارے رکھ سکتے ہیں۔ اس لائبریری کو زیادہ اونچا نہ بنائیں اور اپنی دسترس میں رکھیں۔ گلدانوں اور خوبصورت آرائشی سامان کی مدد سے اس کی دلکشی میں اضافہ کریں۔

بیسمنٹ لیونگ روم یا بیسمنٹ ہال

اگر آپ کا تہہ خانہ بڑا ہے تو اسے دو پورشن میںتقسیم کرلیں۔ایک حصے کو کچن کے لئے مختص کرتے ہوئے دوسرے حصے کو مہمانوں کے لئے ترتیب دیا جا سکتا ہے ۔مہمانوں والے حصے کی چھت کو اوپری کمروں کے زیر اثر سجاوٹی انداز میں ترتیب دیا جاسکتا ہے۔مرکزی حصے کو فانوس کی مدد سے سجایا جاسکتا ہے۔اس حصے میں آپ اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ شام کے وقت تفریح کرنے کے لیے اکٹھے ہو سکتے ہیں۔اس حصے میں چھت میں نصب کی گئی روشنی ماحول کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ ایک نرم ماحول بھی پیدا کرتی ہے۔

دوسری جانب بیسمنٹ کی تمام جگہوں کو کسی شادی ہال کی طرح ترتیب دیا جاسکتا ہے اگر چہ یہ طریقہ نیا اور کافی مہنگا ہے لیکن اس کے ذریعے آپ شادی کے مہنگےاخراجات سے بھی بآسانی بچ جائیں گے ۔

تہہ خانہ میں بنائیں جم خانہ

آپ اپنے بیسمنٹ میں جم کو بھی ترتیب دے سکتے ہیں۔جم بنانے کے لئے ایک دیوار کی تعمیر شیشوں کے ساتھ کروائیں تاکہ جگہ کی چوڑائی میں اضافہ کے ساتھ اصل جگہ سے زیادہ وسیع جگہ نظر آسکے یہ جگہ ایک مثالی جم کی ترتیب وآرائش کے لئے بہترین اور موزوں ثابت ہوسکتی ہے۔

بیڈروم کی تعمیر

جی ہاں!تہہ خانہ کسی ایک نہیں مختلف مقاصد کے لئے استعمال ہوسکتا ہے۔ اگر آپ کسی پرسکون گوشے میں بیڈروم بنانے کے خواہشمند ہیں تو بیسمنٹ سے زیادہ اچھی جگہ کوئی نہیں۔بیسمنٹ میں اٹالین بیڈروم کی تعمیر بآسانی کروائی جاسکتی ہے ۔لکڑی کے ذریعے تعمیر کیا گیا بیسمنٹ بیڈروم اپنی مثال آپ لگے گا۔ اس حصے میں اسکائی لائٹس کا استعمال روشنی کا خاطر خواہ بندوبست کرنے میں مؤثر رہے گا۔

بیسمنٹ گیراج

جو گیراج آپ زمین کے اوپر بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اگر وہ زمین کے نیچے ہیں تو یہ آئیڈیا خاصا سود مند ثابت ہوگا ۔اس کے ڈھلوان سطح والے گیراج زیادہ مناسب ہے۔