کارڈینل یا اینگری برڈز

May 05, 2018

رُباب شکیل، کراچی

کون ہے جو اینگری برڈز سے واقف نہیں ہوگا۔2009 ء میں آنے والی اس ویڈیو گیم نے وہ شہرت پائی کہ بچے تو بچے بڑے بھی اس کھیل کے دیوانے ہوگئے۔اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہ رنگ برنگے پرندوں کی تصاویر صرف شرٹ، بیگ، کپ پر ہی نہیں، بلکہ سال گرہ کی تقریب میں بطور تھیم بھی رکھوائے جاتے ہیں۔

بیشتر صارفین کا خیال ہے کہ یہ پرندہ صرف تصوراتی دنیا کی تخلیق ہے، در حقیقت اس کی شکل شمالی امریکا میں پائے جانے والے پرندے ’’کارڈینل‘‘ سے ملتی جلتی ہے۔ اینگری برڈ کے نام سے گمان ہوتا ہے کہ یہ پرندہ طبعیتاً غصیلا ہوگا، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے۔ یہ خوش مزاج اور زندگی سے بھرپور ہے۔ دیگر گانے والے پرندوں کی نسل میں صرف نر ہی گانا گاتا ہے، جب کہ اینگری برڈ یعنی کارڈینل کی نر اور مادہ دونوں اپنی سُریلی آواز کا جادو بکھیرتے ہیں۔

مادہ کارڈینل گانا گا کر نر کو پیغام پہنچاتی ہے کہ اسے بھوک لگی ہے،جب کہ نر جہاں کہیں بھی ہو، اس کی آواز سُن کر اس کے لیے کھانا لے کر آتا ہے۔شمالی امریکا کے مختلف علاقوں میں اکثر بہار کے موسم میں، نر پرندے گھروں کی کھڑکیوں سے کشتی کرتے نظر آتے ہیں، دراصل یہ اپنا عکس دیکھ کر اس پر حملہ کرتے ہیں، کیوں کہ وہ نر کارڈینل سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔ ان پرندوں کی تصاویر شاز و نادر دیکھنے کو ملتی ہیں۔آپ بھی اینگری برڈ کے تمام کرداروں یعنی کارڈینل کے مختلف رنگ و نسل کے پرندوں کی تصاویر ملاحظہ کیجئے۔