اپوزیشن نے بیان مسترد کردیا، شیم شیم کے نعرے

May 16, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وضاحت کو مسترد کرتے ہوئے ایوان میں شیم شیم کے نعرے لگائے اور ایوان سے احتجاجاً واک آئوٹ کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کیوں کیا، کنفوژن بڑھ گئی ہے، بیان جلتی پر تیل کام ثابت ہوا، معافی مانگیں،وزیراعظم نے معاملہ سلجھانے کی کوشش کی۔ شازیہ مری نے کہا کہ نوازشریف نے بیان غیرارادی نہیں جان بوجھ کردیا، سیاسی کیریئر بچانے کیلئے ملک دائو پر لگانے کی اجازت نہیں۔ ثمن جعفری نے کہا کہ سیاست بچانے کے بجائے پاکستان بچایا جائے، بیان شہداء کی توہین ہے۔ اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدار ت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کے خطاب سے قبل تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے کہا اگر غلط رپوٹنگ ہوئی تو اس شخص کیخلاف کارروائی کی جائے جس نے غلط رپورٹنگ کی اور اگر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس پاکستان کے موقف کو واضح کرنے کیلئے بلایا گیا تھا تو پھر نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ کو مسترد کیوں کیا ، پورے ملک میں ہنگامہ ہے اور اخبارات اور ٹی وی چینلز کی زینت بناہوا ہے ، بھارت کے میڈیا نے اس کو بہت اچھالا، وزیراعظم نے دیانتداری سے معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی اور وضاحت کی کہ بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا لیکن مریم نواز اور نواز شریف کا حالیہ بیان وضاحت کرتا ہے کہ اخباری انٹرویو ان کی پالیسی کا حصہ دکھائی دیتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم سے گزارش ہے کہ وہ اس کنفوژن کو ختم کریں کیونکہ جون میں ایف اے ٹی ایف کا بھی اجلاس ہے اور خطرہ ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں نہ ڈال دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، نواز شریف کو ایسے بیان کی ضرورت کیا تھی ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب ممبئی کا واقعہ ہوا تو میں دہلی میں تھا اور اور بھارتی وزیرخارجہ سے ملاقات کی تھی ، اس وقت مجھے کہا گیا کہ ممبئی واقعہ سے ان کی سکیورٹی کو سخت خطرہ ہے لہذا فوری طور پر چلے جائیں ، اس وقت کے صدر زرداری نے بھی کہا کہ میں خصوصی طیارہ بھیجتا ہوں فوری وہاں سے نکل آئو لیکن میں نے انکار کر دیا اور بھارتی میڈیا سے ملاقات کی اور پاکستان کو موقف واضح کیا اور حملے کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان اس حملے میں ملوث نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں ، مالی و جانی نقصان اٹھایا ، اس کے باوجود عالمی طاقتوں نے ہمارا موقف نہیں مانا اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اپنا موقف واضح کرنے میں ناکام ہیں ،بلکہ عالمی طاقتوں کی ضروریات بدل گئی ہیں ، ان کی ترجیحات بدل گئی ہیں ، بھارت امریکا کا اسٹرٹیجک پارٹنر بن چکا ہے ، نواز شریف نے جلتی پر تیل کا کام کیا ، نواز شریف معافی مانگیں اور بیان واپس لیں ، اگر وہ بیان واپس نہیں لیتے تو ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور ان پر مقدمہ قائم کیا جائے۔