اورنج ٹرین کا سفر آج بغیر ٹکٹ کیا جاسکے گا

May 16, 2018

زندہ دلانِ لاہور کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ لاہور میں اورنج ٹرین آج دوسری بارآزمائشی طور پر چلائی جارہی ہے۔

ٹرین کا آزمائشی سفر ڈیرہ گجراں سے شروع ہوکر لکشمی چوک پر اختتام پذیر ہوگا، آج شہری بغیر ٹکٹ ٹرین کے سفر سے لطف اٹھا سکیں گے۔

اورنج ٹرین منصوبے کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ ا س سے پہلے 26 فروری کو یہ ٹرین آزمائشی طورپر چلائی گئی تھی، وہ سفر بہت محدود تھا۔

اب دوسرے مرحلے میں یہ ٹرین ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک 11کلومیٹر کا سفرطے کرے گی،ٹرین میں عام شہری مفت سوارہوسکیں گے۔

خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ ٹرین کا کرایہ کتنا ہوگا، ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، منصوبے کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ ہائی کورٹ کے سامنے انڈر گراؤنڈ اسٹیشن کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین کے اسٹیشنوں اور ٹریک کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھا گیا ہے، ٹریک کے اطرف میں رنگا رنگ پودے دلکش منظر پیش کریں گے۔