کینجھر جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک گر گئی

May 16, 2018

کراچی والوں کے لیے رمضان المبارک سے پہلے ایک بار پھر خطرہ کی گھنٹی بج گئی۔ کینجھر جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک گر گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جھیل کی سطح 44 فٹ ہونے پر کراچی کو پانی کی فراہمی بند ہوسکتی ہے، جبکہ ٹھٹھہ سمیت پانچ تعلقوں میں پینے کے پانی کی بدترین قلت اور فصلیں سوکھنے لگیں۔

کینجھر جھیل میں پانی کی سطح تین ہفتوں کے دوران تین فٹ سےزائد گر گئی ہے۔ جھیل سےکراچی کو روزانہ 1200 کیوسک پانی فراہم کیاجارہا ہے اور جھیل میں پانی کی موجودہ سطح 54 فٹ سے کم ہوکر 46 فٹ پرپہنچ گئی ہے اور 44 فٹ پر پہنچنے پر کراچی کو پانی کی فراہمی بند ہونے کا خطرہ ہے۔

جھیل سے نکلنے والی دیگر نہروں کو فوری طور پربند کرکے سطح برقرار رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں ضلع ٹھٹھہ کے پانچ تعلقوں ٹھٹھہ، گھوڑاباری، کیٹی بندر، میرپور ساکرو اور کھاروچھان میں پینے کا پانی ناپید ہوگیاہے اور فصلیں سوکھ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ کینجھر جھیل محکمہ آبپاشی اور کراچی واٹر بورڈ سمیت پانچ محکموں کے زیر انتظام ہے۔