اسٹیل مل ملازمین کا دھرنا ،ٹرینوں کی آمدورفت معطل

May 16, 2018

پاکستان اسٹیل کے ملازمین نے اسٹیل ٹاؤن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھرنا دے دیا جس کے باعث ملک بھر سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پاکستان اسٹیل کے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج پر ہیں، آج صبح سیکڑوں ملازمین اسٹیل ٹاؤن کے قریب کراچی سے ملک کے مختلف شہروں کو ملانے والے ریلوے کے دوطرفہ ٹریک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے جانے والی بیشتر ریل گاڑیاں روانہ ہوچکی تھیں تاہم بیشتر ٹرینوں کی آمد شیڈول پر ہے۔ جس پر متعدد ٹرینوں کو حیدرآباد اور کوٹری ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس رینجرز اور ریلوے پولیس موقع پر موجود ہے اور صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔