بریک ڈاؤن کے بعد بجلی جزوی طور پر بحال ہونے لگی

May 16, 2018

تربیلا اور گڈو پاور پلانٹ میں فنی خرابی کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون ہوا اور مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا مکمل طور پر بجلی سے محروم ہو گئے، گدو مظفر گڑھ ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث متعدد پاور پلانٹس ٹرپ کر گئے۔

ترجمان پاور ڈیژن کے مطابق اسلام آباد سمیت پشاور، مردان، ملتان اور فیصل آباد میں جزوی طور پر بجلی بحال ہو نا شروع ہوگئی جبکہ بریک ڈاؤن کی انکوئری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

صبح سے بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پنجاب اورخیبرپختونخوا کےشہروں بہاولپور، سوات، لکی مروت، نوشہرہ میں شدید گرمی میں لوگوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا۔

تربیلا اورگڈو تھرمل پاورپلانٹ میں فنی خرابی کی وجہ سےملتان، بہاول پور، چکوال، رحیم یارخان سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بجلی بندہوگئی۔

گڈو تھرمل ذرائع کےمطابق یلوکیبل میں فنی خرابی کےباعث گڈو جانے والی ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی، جس سےپنجاب کے مختلف اضلاع کو گڈو سےفراہمی معطل ہوگئی۔

سوات، نوشہرہ، لکی مروت اور ٹانک سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شدید گرمی میں شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

ترجمان ایٹمی توانائی کمیشن کے مطابق تربیلا سےشروع ہونے والی ٹرپنگ سے چاروں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹس بھی ٹرپ کر گئے، جس سے پنجاب اور خیبرپختون خوا کے متعدد شہروں میں بجلی کی بحالی معطل ہوئی۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بریک ڈاؤن تربیلا کےباعث نہیں ہوا، منگلاغازی بروتھا سے خرابی دورکر دی گئی ہے، جبکہ بریک ڈاؤن کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاور پلانٹ کی جلد بحالی کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔

سیکریٹری پاور ڈویژن اور متعلقہ حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر پہنچ گئے جب کہ این پی سی سی کے حکام کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹ کی جلد بحالی کی کوشش کی جارہی ہے۔

سوات میں صبح 10 بجے سے جبکہ لکی مروت، ملتان اور بہاولپور اور گرد و نواح میں صبح سوا 9 بجے سے بجلی کی سپلائی بند تھی۔

چکوال اور اس کے گرد و نواح میں ساڑھے 9 بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ کراچی، بلوچستان اور سدرن پنجاب میں صورت حال ٹھیک ہے، عارضی مسئلہ ہے جلد بند پاور پلانٹس بحال ہوجائیں گے اور ملکی سطح پر فالٹ کو قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ذرائع وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 20 ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔

ادھر پنجاب کی صنعتوں کو 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا جس پر آج سے عملدرآمد ہوگا۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بحران پیدا ہوتے ہی ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار بحال ہونا شروع ہوگئی، جبکہ منگلا غازی بروتھا سے انجینئرز نے خرابی دور کر دی۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق مرحلہ وار بجلی کی مکمل پیداوار نظام میں شامل ہو جائے گی، بجلی کی پیداوار 12 ہزار میگا واٹ ہو گئی ہے۔