حکومت پنجاب و پاک فضائیہ کا اسپتال کی تعمیر کیلئے معاہدہ

May 20, 2018

حکومت پنجاب اور پاک فضائیہ کے درمیان فورٹ منرو میں تحصیل اسپتال کی تعمیر کے لیے مفاہتی یاداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔

تقریب میںوزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے فورٹ منرو تحصیل اسپتال کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔

صوبائی حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق فورٹ منرو تحصیل اسپتال کا انتظام پاک فضائیہ چلائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مفاہتی یاداشت کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاک فضائیہ سے مشترکہ تعاون جاری رہتا ہے اور پاک فضائیہ کے تعاون سے فورٹ منرو میں پراجیکٹ سنگ میل ہےجبکہ 2010 کے سیلاب میں پاک فضائیہ نے بھرپور تعاون اور مدد کی تھی۔

اس موقع پرایئرچیف مارشل مجاہد خان نے کہا کہ پاکستان کی بہتری کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے جبکہ جنوبی پنجاب کے دوردرازعلاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے بتایا کہ فورٹ منرو تحصیل اسپتال کا یہ بہترین قدم ایئرفورس پر اعتماد کا اظہار ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں صحت کے مسائل کے حل کے لیے اسپتال اچھی کاوش ہو گی۔