شرمیلا فاروقی کو امتحان میں بیٹھے بغیر داخلہ دینا قابل مذمت ہے،جمعیت

May 21, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسلامی جمعیت طلبہ نے کہا ہے کہ شرمیلا فاروقی کو امتحان میں بیٹھے بغیر قانون میں پی ایچ ڈی کرنے کے لیے داخلہ دینا قابل مذمت ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے ترجمان عفان احمد نے بیان میں کہا کہ جامعہ کراچی میںبعض کرپٹ عناصر اساتذہ کے کردار پر دھبہ ڈالنے کے لیے کوشاں ہیں اور حکومت سندھ بدعنوانی کے نئے ریکارڈز قائم کر رہی ہے، اس قسم کے بدعنوان اور کرپٹ عناصر نے گزشتہ برسوں میں بھی تعلیم، تعلیمی اداروں اور ملک و قوم کا کباڑا کیا ہے اور یہ اب بھی اس ہی کوشش میں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمارے ملک کے سیاسی رہنما جنہوں نے قوموں کی راہ متعین کرنی ہوتی ہے اسے ترقی کی ڈگر پر ڈالنا ہوتا ہے، اس طرح سے بدعنوانی،جعلی ڈگریوں اور مفت خوریوں میں لگے رہیں گے تو اس ملک کے عوام اور طلباء کہاں جائیں گے۔