عدلیہ سے ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی کا مقصد شفاف الیکشن ہیں،الیکشن کمشنر

May 21, 2018

کوئٹہ(پ ر)عام انتخابات کو شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور الیکشن میں عدلیہ سے ریٹرننگ افسر تعینات کرنے کا مقصد انتخابات کو غیر جانبدار بنانا ہے عدلیہ سے لئے گئے ریٹرنگ افسران اپنے فرائض منصبی نہایت ایمانداری سے انجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نیاز احمد بلوچ نے کوئٹہ کے ایک مقامی ہوٹل میں ریٹرننگ افسران کی تربیت کے موقع پر تقریب میں کیا صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کی تربیت کا پہلا مرحلہ جو 20 مئی تک جاری رہااس مرحلے میں 25 شرکاء شریک ہوئے دوسرا مرحلہ 22 سے 24 مئی تک جاری رہے گا جس میں 28 ریٹرننگ افسران ‘ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز حصہ لیں گے ۔تیسرا مرحلہ 26 سے 28 مئی تک ہوگا اس میں 21 ریٹرننگ افسران اور ضلعی الیکشن کمشنرز شریک ہونگے اور چوتھا مرحلہ جو 30 مئی سے یکم جون تک ہوگا جس میں 29 ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران شریک ہونگے ۔اس طرح ان چار سیشنز میں 16 نیشنل اسمبلی سے ریٹرننگ افسران اور 51 صوبائی اسمبلی سے ریٹرننگ افسران‘ 5 ریجنل الیکشن کمشنرز اور 31 ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کی تربیت کی جائیگی۔