ڈکیتی، سٹریٹ کرائم ، ون ویلنگ، غیرقانونی اسلحہ رکھنے پر 13سماج دشمن عناصر گرفتار

May 21, 2018

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد سی آئی اے پولیس نے ڈکیتی و سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث دو گروہوں کے 10ملزموں کو گرفتار کر لیا جن میں چار افغانی بھی شامل ہیں۔ ادہر راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنےاور ون ویلنگ کرنے والوں سمیت تین افراد کو قابو کر لیا۔ اسلام آباد میں ملزموں کے قبضہ سے چھینے گئے موبائل فون، موٹر سائیکل، نقدی، 7پسٹلز معہ ایمونیشن اور دو خنجر برآمد کرکے مقدمات درج کر لئے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نجیب الرحمان بگوی نے پولیس ٹیموں کی اعلیٰ کارکردگی پر تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایس ایس پی آپر یشنز نے سرقہ بالجبر اور ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک ایس پی انوسٹی گیشن زبیر احمد شیخ کو دیا جنہوں نے ڈی ایس پی سی آئی اے محمد اشرف شاہ کی زیرنگرانی سب انسپکٹر شمس اکبر اور اے ایس آئی محمد شکیل معہ دیگر پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیں۔ ایک ٹیم کو ذرائع سے اطلاع ملی کہ سرقہ بالجبر اور راہزنی کی وارداتو ں میں ملوث گروہ کے ملزمان اس وقت سیکٹر ایچ تیرہ میں موجود ہیں۔ بروقت کارروائی کی جائے تو کامیابی یقینی ہے۔ اس اطلاع پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مار کر 5ملزموں نجیب، احسان، لیاقت، ابوبکر، رحمان کو گرفتار کر لیا۔ انکے قبضہ سے 4پسٹل تیس بور معہ ایمونیشن‘ نقدی، موبائل فون برآمد کر کے تھانہ شمس کالونی میں مقدمات درج کر لئے گئے۔ ایک اور کارروائی کے دوران سیکٹر آئی نائن ون میں ریڈ کرکے پانچ ملزموں مجاہد خان، علی شہزاد، عبداللہ، امان اللہ اور حضرت بلال کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں سے موٹر سائیکل، تین پسٹل معہ ایمونیشن اور دو خنجر برآمد کئے گئے۔ ملزموں نے ابتدائی تفتیش کے دوران شمس کالونی، ترنول گولڑہ، آئی نائن سیکرٹریٹ، 26نمبر چونگی کے ایریا میں متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ادہر راولپنڈی پولیس نے 3ملزموں کو قابو کر کے انکے قبضہ سے ایک ایس ایم جی معہ 25روند‘ ایک موٹرسائیکل برآمد کر کے ملزموں کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے۔ تھانہ نصیر آباد پولیس نے رضوان سے ایک ایس ایم جی معہ25روند برآمد کی۔ تھانہ صادق آباد پولیس نے2ملزموں کو ون ویلنگ کرتے ہوئے قابو کر کے موٹر سائیکل برآمد کر لیا جبکہ ملزموں کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے۔