اسلامیہ کالجز کی عمارتوں کو خالی کرانے کیلئے عدالت نے مہلت دیدی

May 22, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مقامی عدالت نے اسلامیہ کالج کی عمارت خالی کرانے سےمتعلق توہین عدالت کی درخواست پر ایس ایچ او جمشید کوارٹرز کو اسلامیہ کالجز کی عمارتوں کو خالی کرانے کے لئے 28 مئی تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی،سینئر سول جج شرقی کی عدالت میں اسلامیہ کالج کی عمارت خالی کرانے سےمتعلق توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ کالج میں ان دنوں طلبہ کے امتحانات چل رہے ہیں، امتحانات کا سلسلہ بارہ جون تک جاری رہےگا، طلبہ کے امتحانات ختم ہونے تک خالی کرانےکےلئے مہلت دی جائے، عدالت نےایس ایچ او جمشید کوارٹرز کو اسلامیہ کالجز کی عمارتوں کو خالی کرانے کے لئے28 مئی تک مہلت دیتے ہوئےسماعت ملتوی کردی، واضح رہےکہ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود اسلامیہ کالج کی عمارت خالی نہیں کی گئی، اداروں کی ڈی نیشنلائزیشن کے بعد سندھ حکومت نے کرایہ ادا نہیں کیا جبکہ عدالت نے صوبائی حکومت کو اسلامیہ کالج کی عمارت خالی کرنے کا حکم دیا تھا لیکن ابھی تک عمارت خالی نہیں کروائی جا سکی۔