ووٹ کو عزت ملنے والی ہے، کسی کو پرچی پھاڑنے کا حق نہیں، نواز شریف

May 22, 2018

چشتیاں(مانیٹر نگ سیل) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت ملنے والی ہے، کسی کو پرچی پھاڑنے کا حق نہیں، یہاں عوام کی خدمت کرنیوالے کو کرپٹ یا غدار بنا دیا جاتا ہے، عوام کی محبت کی قسم کھا کرکہتا ہے کہ اللہ نے موقع دیا توعوام کی خدمت کروں گا،تم لاکھ چھوڑکر چلے جا ؤمسلم لیگ (ن) جس کو کھڑا کریگی عوام اسی کو ووٹ دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چشتیاں میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے جو کہا ملک کو بچانے کیلئے کہا،وہ عوام کی خدمت کیلئے پھر آئیگا، نواز شریف کیخلاف ایک پیسے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کرسکے، پہلے مذہب کا استعمال کیا اب میاں صاحب کا بیان لیکر بیٹھ گئے ہیں۔ نوازشریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ عوام وعدہ کریں آئندہ الیکشن ووٹ کو عزت دینی ہے، کسی کو حق نہیں ہونا چاہیے کہ ووٹ کی پرچی کو پھاڑ کر پھینک دے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدالت میں 70 ویں پیشی بھگت کر آیا ہوں اور یقین ہے کہ چشتیاں والے ووٹ کو عزت دو میں سب سے آگے ہوں گے۔ ن لیگ چھوڑ کر جانے والوں کے حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھا کہ تم لاکھ چھوڑ کر چلے جاؤ ن لیگ جس کو بھی کھڑا کریگی عوام ووٹ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کے ساتھ ظلم کیا ہے اس سے بدلہ عوام کو لینا ہے اور اسی سال لینا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ تم کتنا ظلم کرو گے عوام اتنا مجھ سے زیادہ پیار کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے عوام سے کہا کہ اگر چاہتے ہو کہ نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ ختم ہو تو ن لیگ کو ووٹ دو، میرا وعدہ ہے کہ اگر موقع ملا تو دن رات عوام کی خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر ظلم کرنے والے تھک جائیں گے کیونکہ نواز شریف عوام کا اور عوام نواز شریف کے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دینے تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی، ووٹ کو عزت دینے کا مطلب عوام کو عزت دینا ہے، کیا کسی کو حق ہے کہ وہ ووٹ کی پرچی پھاڑ دے۔ قبل ازیں ن لیگ کی مرکزی رہنماء مریم نوازنے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے جو کہا ملک کو بچانے کیلئے کہا،وہ عوام کی خدمت کیلئے پھر آئیں گا، ملک کی ترقی نہیں رکنے والی ،2 مہینے بعد ترقی کا سفر جہاں سے ٹوٹا تھا وہیں سے دوبارہ شروع ہوجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین 100روزہ پروگرام پیش کررہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے پانچ سال بعد کہہ رہے ہیں کہ ہم یہ کرینگے جبکہ نوازشریف نے توکردیا ہے۔ نوازشریف نے پانچ سال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی، دہشت گردی ختم کردی نوازشریف نے ہزاروں میل لمبی موٹرویز بنادی ہیں۔اب انکے پاس کوئی ایشو نہیں ،اب کرپشن کا ایشو لیکر آئے ہیں۔ کرپشن کا الزام لیکر آئے لیکن اقامے کے الزام پرباہر نکال دیا۔نوازشریف نے آج بھی احتساب عدالت میں گھنٹوں پیش ہوئے اور سوالات کے جواب دیئے۔ انہوں نے کہاکہ سب ادارے ملکر بھی نواز شریف کیخلاف ایک پیسے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کرسکے، کرپشن ثابت نہ ہوسکی تومذہب کے الزام لگا دیئے ، گستاخ کہہ دیا۔ جبکہ نواز شریف کے خون میں نبی پاک ﷺ کی محبت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرم کرو سیاست کیلئے نوازشریف پرایسے الزامات لگائے۔انہوں نے کہا کہ این اے 120میں دھاندلی کے باوجود جیت گئے۔ مذہب کا گمراہ کن ایشو نکال کرلائے اور چکوال میں تقاریر کیں کہ تم مذہب کے ساتھ ہویا نوازشریف کے ساتھ ہو۔ پھر نوازشریف کے حق میں فیصلہ دیا۔اب نوازشریف کا انٹرویو لے کربیٹھ گئے ہیں۔