جھڈو میں پانی کی شدید قلت کیخلاف دھرنا،ٹریفک معطل،ٹینکر مافیا کیخلاف نعرے

May 23, 2018

ڈگری+ٹنڈو جان محمد (نامہ نگاران ) پانی کی شدید قلت کے خلاف جھڈو کی میر غلام حسین کالونی، ہاشم کالونی، عاشق کالونی اور کچھی کالونی کے مکینوں نے ٹاؤن کمیٹی آفس کے سامنے جھڈو ڈگری مین شاہراہ پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ مظاہرین نے ٹاؤن انتظامیہ اور ٹینکر مافیا کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاج سے دو طرفہ ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر عمران راجپوت و دیگر نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے وارڈ نمبر 5،6،اور 7میں پانی کی سپلائی ٹاون انتظامیہ کی جانب سے معطل ہے۔ جس کے باعث صورت حال روز بروز سنگین ہوتی جارہی ہے اور علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ شدید گرمی اور رمضان المبارک میں وضو اور رفع حاجت کے لیے پانی دستیاب نہیں ۔ درجنوں بار ٹاؤن انتظامیہ سے شکایات کے باوجود علاقہ میں پانی فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹاؤن انتظامیہ ٹینکر مافیا کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ شہریوں کو پانی فراہم کرنے سے اسے کوئی سرو کار نہیں ۔ دوسری جانب ٹاؤن کمیٹی کے وائس چیئرمین حاجی عمر دراز نے صحافیوں کو بتایا کہ واٹر سپلائی کا نظام اپ گریڈ نہ ہونے سے زیادہ تر علاقے پانی کی قلت کا شکار ہیں جہاں ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جمڑاو کینال میں 20روز سے پانی نہیں ہے۔ واٹر سپلائی کے تالابوں میں پانی کا ذخیرہ انتہائی کم رہ گیا ہے۔ شہر میں ایک روز بعد پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ قلت آب کا شکار متاثرہ شہریوں نے آج صبح واٹر سپلائی کے تالابو ں کا گھیراؤ کرکے وہاں سے پانی لے جانے والے ٹینکرز کو روکااور تالابوں کا انتظام خود سنبھال لیا اور الزام عائد کیاکہ ٹاؤن انتظامیہ پانی فروخت کررہی ہےٹنڈو جان محمد سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں شدید گرمی اور پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے انسان تو ا نسان جانوروں کیلئے بھی پانی میسر نہیں ہے۔ انسانوں نے تو پانی کے حصول کے لئے چھوٹے چھوٹے گڑھے کھودے ہوئے ہیں اور گزر بسر جاری ہے مگر پینے کے پانی کی مسلسل عدم دستیابی سے ہزاروں جانورں اور پرندوں کے مرنے کاخدشہ ہے۔