عوام پانی کوترس رہے،حکمران الیکشن مہم میں مصروف ہیں،ایازپلیجو

May 23, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) قومی عوامی تحریک کی جانب سے قاسم آباد میں پانی کی قلت کے خلاف وادھو واہ روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا جس کی قیادت کیو اے ٹی کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے کی۔ احتجاجی دھرنے میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس ر ہے ہیں، لیکن حکمران الیکشن مہم چلانے میں مصروف عمل ہیں جو باعث افسوسہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے ٹیل تک پانی نہیں جارہا، جب پی پی حکمرانوں کے ساتھیوں کو گرفتار کیا جاتا ہے تو اینٹ سے اینٹ بجانے کی بات کی جاتی ہے، پانی و بجلی کے مسائل کیوں حل نہیں کیے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی حکومت قاسم آباد کے عوام سے انتقام لے رہی ہے کیونکہ اس نے گزشتہ عام انتخابات میں اس حلقے سے 70سے زائد پولنگ اسٹیشنوں میں شکست کھائی تھی، سندھ کے عوام کو پانی نہیں دیا جارہا، حکمرانوں کے محلوں اور محلات میں پانی ہے، ان کے کتے منرل واٹر پی رہے ہیں مگر قاسم آباد کے عوام کو وادھو واہ کا گندا پانی پلایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کے وزراءبتائیں کہ انہوں نے عوام کے کون سے مسئلے حل کئے ، کیوں وفاق سے مذکورہ مسئلے پر سنجیدگی سے بات نہیں کی جاتی، سندھ کے لوگوں کو دیوراوں سے لگانا بند کیا جائے اگر پانی نہ ملا تو حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوگا۔