مراد علی شاہ کی تنقید، شہر میں جنوبی صوبے کی وال چاکنگ و بینرز آویزاں

May 24, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ایم کیو ایم پر کی جانے والی تنقید پر بدھ کو شہر کے مختلف علاقوں میں سندھ جنوبی صوبے کی حمایت میں وال چاکننگ کی گئی جبکہ بعض علاقوں میں مہاجر صوبے کے حوالے سے بینرز بھی آویزاں کئے گئے۔ ایم کیو ایم کے رہنما سید علی رضا عابدی نے اعلان کیا کہ ہفتے کی رات کو لیاقت آباد دس نمبر پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ مظاہرہ ڈاکٹر فاروق ستار کی سر براہی میں کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ نے مہاجر قوم کو لعنت دی ، 24 گھنٹے میں معافی نہ مانگی تو لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔