رنویر ،دپیکا کی شادی کی خبریں پھر گردش میں

May 26, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.


ویروشکا ، سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی کے بعد ایک اور بالی ووڈ جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی خبریں پھر سے گردش کرنے لگی ہیں۔

یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ بالی ووڈ کی نامور اداکارہ دپیکا پڈوکون اور نٹ کھٹ اداکار رنویر سنگھ بھی ویروشکا اور اب سونم کپور اور آنند آہوجا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس سال19 نومبرکو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے اور صرف یہی نہیں اپنی شادی کیلئے دپیکا نے اپنے میک اپ آرٹسٹ اور منیجر سمیت تمام ٹیم کو اس دوران چھٹیاں لینے سے بھی منع کردیا ہے جبکہ دونوں کی فیملیز کی ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکاری دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ بھارت کے بجائے کسی اور ملک میں ساحلِ سمندر پر اپنی شادی کی تقریب منعقد کریں گے جس میں صرف قریبی دوست مدعو ہوں گے جبکہ دونوں ویروشکا ہی کی طرح ممبئی اور بنگلور میں استقبالیہ کی تقریب منعقد کریں گے جس میں فلمی ستاروں سمیت دونوں کے دوست احباب شرکت کریں گے۔

واضح رہے اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آتی رہیں کہ بالی ووڈ اداکارہ دپیکا نے نہ صرف اپنی سالگرہ رنویر سنگھ کے ساتھ منائی بلکہ اس دوران منگنی بھی کرلی ہے تاہم دونوں ہی کی جانب سے منگنی یا شادی کی اب تک تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔