میئر ہیوسٹن کے ہمراہ روایتی افطار ڈنر ،تین ہزار افرادکا روزہ افطار

June 02, 2018

امریکی ریاست ہیوسٹن میں کراچی ،ابوظہبی ،بصرہ ،باکو اور استنبول کی تنظیموں کی جانب سے شہر کے میئر سیلویسٹر ٹرنر کے ہمراہ روایتی افطار ڈنر کااہتمام کیا ۔یہ شہر کی سالوں پرانی روایت بن چکی ہے۔

پاکستان کے امریکی تاجر اور آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور کی جانب سے تقریب کو پرجوش انداز میں سجایا گیا تھا۔ افطار میں ڈھائی ہزار سے زائد خواتین اور مرد وںنے شرکت کی اور ایک چھت تلے روزہ افطار کیا۔

تقریب میں امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرمین شیلا جیکسن لی کا نگریس مین الگرین سمیت ہیوسٹن کے منتخب نمائندوں اور اور مختلف تنظیموں کے عہدیداروں کی بھی بڑی تعدادموجود تھی۔ سید جاوید انور نے تقریب کے شرکا ءسے مئیر ہیوسٹن سیلویسٹر ٹرنر کا تعار ف کرایا ۔

اس موقع پر سیلویسٹر ٹرنر نے اپنے خطاب میں رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب لوگ کسی بھی ملک یا شہر سے آئے ہوں لیکن ہم سب میں ایک بات مشترک ہے وہ یہ کہ ہم سب ہوسٹینین (ہیوسٹن کے شہری) ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سٹی سمیت دیگر اداروں میں مسلمان اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں جو قابل تعریف ہیں۔

انہوں نے افطار ڈنر کے انتظامات مکمل کرانے پر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر اور افطار ڈنر کے کوآرڈینٹر سعید شیخ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ہمیں اسکولوں میں اپنے بچوں کے تحفظ کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا اور اگر ہم ایسا نہ کر سکے تو آنے والی نسلوں کیلئے ہم کس طرح کا امریکہ چھوڑ کر جائیں گے اس کا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بندوق سے نکلنے والی گولی یہ نہیں دیکھتی کہ کون مسلمان ہے یا کون عیسائی، اس کے جو سامنے آتا ہے وہ اس کو اپنا شکار بنا لیتی ہے۔

اس موقع پر ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ اباٹ کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا جس میں اُنہوں نے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد پیش کی اور اس بات پر خوشی کا ااظہار کیا کہ گزشتہ 18سالوں سے اس تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے

تقریب سے امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرمین کانگریس وومن شیلا جیکسن لی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ کے پڑوسی ملک اور اتحادی ممالک سے تعلقات بہتر رہیں ۔اس کے لئے گانگریس میں پاکستان کیلئے جو کاوشیں کی گئیں اس میں ساتھ دینے پر وہ کانگریس مین الگرین اورکانگریس مین ونزسکی کی شکر گذار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی نے طوفان ہاروی اور طوفان ریڈا کے موقع پر خدمت خلق کے تحت جو فلاحی کام کیئے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گئے۔