روس کا سعودی عرب کے خلاف صلاحیت سے بڑھ کر کارکردگی کامظاہرہ

June 15, 2018

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فٹ بالر علی نواز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف میچ میں روسی ٹیم نے اپنی صلاحیت سے بڑھ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کو مکمل آئوٹ کلاس کیا۔

علی نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ میچ میں یورپین اور ایشین فٹ بال کا واضح فرق نظر آیا، بڑے میچز میں روس کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے۔

جنگ سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا ’ ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا مکمل ساتھ ہوتے ہوئے روسی ٹیم نے ورلڈ کپ فٹ بال کے افتتاحی میچ میں سعودی عرب کوپانچ ۔صفرکے بڑے بوجھ تلے دبا دیا۔ بلاشبہ روسی ٹیم نے افتتاحی میچ میں اپنے ملک کے عوام کو بڑی کامیابی کا بڑا تحفہ دیا ہے۔ اس میچ میں یورپین اور ایشین فٹ بال کے درمیان واضح فرق نظر آیا، ان دونوں کے کھیل میں زمین آسمان کا فرق ہے، روسی کھلاڑیوں نے اس میچ میں پاور، تکنیک کا بھرپور مظاہرہ کیا اور سعودی عرب کی ٹیم کے مقابلے میں اس کے کھلاڑی زیادہ فٹ اور ٹف نظر آئے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میزبان ٹیم نے شروع سے ہی سعودی ٹیم کو دبائو میں رکھا۔ پہلے ہاف میں دو گول کئے اور دوسرے ہاف میں تو وہ کھیل پر مکمل طور پرچھا ئےرہے۔ روس کے کھلاڑی چیریشیو کا کھیل تھا جس نے دو خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں بڑا حصہ ڈالا۔

دوسرے ہاف میں میزبان ٹیم کے تابڑ توڑ حملوں کے باعث سعودی ٹیم مکمل بے بس نظر آئی اور اس کی دفاعی لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

سعودی عرب کی ٹیم اس سے قبل بھی ورلڈ کپ میں شرکت کرچکی ہے لیکن اس بار اس ٹیم میں وہ بات نظر نہیں آرہی، اس میں کوئی بڑا نام بھی نہیں ہے جو ٹیم کو لیکر چلتا ہے۔

روسی ٹیم کی کارکردگی بڑی ٹیموں کے خلاف کھل کر سامنے آئے گی۔ ٹورنامنٹ جوں جوں اگے بڑھے اور بڑے میچز سامنے آئیں گے تو پھر ٹیموں کی پوزیشن واضح ہوگی۔

دفاعی چیمپئن جرمنی، ارجنٹائن، جرمنی، اسپین اور پرتگال کی ٹیمیں اس ایونٹ کی ہارٹ فیورٹ ہیں۔