پی ٹی آئی اوکاڑہ کے کارکنان کا عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج

June 16, 2018

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ پی پی 189اوکاڑہ سے آئے کارکنوں نے ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف گزشتہ روز بنی گالہ کے باہر احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق، جمعہ کو ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف عمران خان کی بنی گالا میں واقع رہائشگاہ کے باہر اوکاڑہ سے آئے پارٹی کارکنوں نے احتجاج کیا۔ حلقہ پی پی 189 اوکاڑہ سے پارٹی ٹکٹ کے امیدوار ارشد سوہنا کو ٹکٹ نہ دیئے جانے پر انہوں نے کارکنوں کے ہمراہ بنی گالہ کے باہر احتجاج کیا۔ ارشد سوہنا نے کہا کہ انہوں نے کئی سال پارٹی کےلئے کام کیا ہے لیکن چند روز قبل پارٹی میں آئے رکن کو ان پر ترجیح دی گئی ہے اور ٹکٹ دیا گیا ہے جس کے خلاف وہ احتجاج کر رہے ہیں۔ اس موقع پر کارکنوں نے نعرے بازی کی کہ ان پڑھ سرمایہ داروں کو نہیں بلکہ پارٹی وفاداروں کو ٹکٹ دیں۔