ہڈرز فیلڈ کینال سے باپ، بیٹے کی لاشیں برآمد

June 19, 2018

لیڈز( پی اے) ہڈرز فیلڈ کینال میں میگنٹ سے مچھلیاں پکڑتے ہوئے غائب ہوجانے والے باپ بیٹوں کی لاشیں کینال سے برآمد کرلی گئی ہیں،خیال کیاجاتاہے کہ یہ دونوں نہر کی تہہ سے دھاتی اشیا تلاش کرنے کی کوشش کے دوران حادثے کاشکار ہوئے ہیں۔ویسٹ یارک شائر پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں باپ بیٹوں کی لاشیں ہڈرز فیلڈ کے کوپر برج کے علاقے میں طویل تلاش کے بعد برآمد ہوئی ہیں پولیس کا کہنا ہے کہ ان اموات کو مشتبہ تصور نہیں کیا جا رہا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ایک راہ گیر نے نہر کے کنارے مرنے والے باپ بیٹوں کے کپڑے، موبائل فون ،کیمرہ اور کار کی چابیاں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی،ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے پڈسے کے علاقے میں ایک گاڑی کھڑی دیکھ کر جب تفتیش کی تو ایک خاتون نے تصدیق کی کہ اس کا 43 سالہ شوہر اس کے 19 سالہ بیٹے کے ساتھ صبح سویرے میگنٹ فشنگ کیلئے گئے تھے۔جس کے بعد علاقے میں تفتیش کے بعد جب ان کاکوئی سراغ نہیں ملاتو پولیس کے غوطہ خوروں کو طلب کیااور رات کو ساڑھے9 بجےدونوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔ متوفین کی فیملی اس واقعے سے واقف ہےاور ان کے ڈوب جانے کے اسباب معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔