ووٹرز کا ڈیٹا لیک، تینوں بڑی جماعتیں چیئرمین نادرا کو ہٹانے پرمتفق

June 19, 2018

کراچی (ٹی وی رپورٹ)ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونے پر تینوں بڑی جماعتوں نے چیئرمین نادرا کو ہٹانے پر اتفاق کیا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قوم جانتی ہے افتخار چوہدری کو کون استعمال کررہا ہے، افتخار چوہدری کیلئے چلائی گئی تحریک میں شرکت پر آج شرمندہ ہوں، افتخار چوہدری ایک قومی لیڈر کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے کم ظرفی کا مظاہرہ کررہے ہیں،نادرا سے ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونے کا ذمہ دار چیئرمین نادرا ہیں، چیئرمین نادرا کو تبدیل ہونا چاہئے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری اور پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی شریک تھے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کو مخالف امیدوار پر اعتراض دائر کرنے کیلئے کسی کا کندھا استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے، اہم عہدوں پر کام کرنے والے تمام لوگوں کو اثاثے ظاہر کرنے چاہئیں، شاہد خاقان عباسی بھاری اکثریت سے این اے 53کی نشست جیتیں گے، نادرا کا ووٹرز کے بارے میں ڈیٹا لیک ہونے کی تحقیقات ہونی چاہئے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں ہر ممکن حد تک تفصیل شامل کی ہے، پیپلز پارٹی کبھی سیاسی مخالفین کی کردار کشی نہیں کرتی ، نادرا سے ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونے کی ذمہ داری چیئرمین نادرا پر عائد ہوتی ہے۔شبلی فراز نےکہا کہ افتخار چوہدری کی سیاست کا محور صرف عمران خان ہے، قوم جانتی ہے افتخار چوہدری کو کون استعمال کررہا ہے، افتخار چوہدری کیلئے چلائی گئی تحریک میں شرکت پر آج شرمندہ ہوں، افتخار چوہدری ایک قومی لیڈر کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے کم ظرفی کا مظاہرہ کررہے ہیں، سیتا وائٹ کا معاملہ لوگوں کو الیکشن کے وقت ہی کیوں یاد آتا ہے، مخالفین عمران خان کے ذاتی معاملات کو انہیں سیاسی نقصان پہنچانے کیلئے استعمال کرتے ہیں، عمران خان کو کبھی ایسے معاملات پر نقصان نہیں ہوا۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کے علاوہ دیگرپبلک سرونٹس کے اثاثے بھی لوگوں کو پتا ہونے چاہئیں، عمران خان این اے 53 سے بھاری اکثریت سے جیتیں گے، عمران خان کے مقابلہ میں شاہد خاقان عباسی کی جیت ن لیگ کی خوش خیالی ہے، پانچ حلقوں سے الیکشن لڑنا عمران خان کی خواہش نہیں بہت سے حلقوں کی عوام کا مطالبہ تھا۔ شبلی فراز نے کہا کہ نادرا سے ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونے کا ذمہ دار چیئرمین نادرا ہیں، چیئرمین نادرا کو تبدیل ہونا چاہئے، اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو صحت عطا فرمائے، عوام کی ہمدردیاں پوری طرح کلثوم نواز کے ساتھ ہیں۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کو کسی مخالف امیدوار پر اعتراض دائر کرنے کیلئے کسی کا کندھا استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے، افتخار چوہدری نے عمران خان کے خلاف ہر اس جگہ اعتراض دائر کیے ہیں جہاں سے انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، اہم عہدوں پر کام کرنے والے تمام لوگوں کو اثاثے ظاہر کرنے چاہئیں، اگر کوئی اثاثے چھپائے تو اس کیخلاف بھی سیاستدانوں کی طرح کارروائی ہونی چاہئے۔ طارق فضل چوہدری کاکہنا تھا کہ این اے 53اسلام آباد سے عمران خان اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوگا،شاہد خاقان عباسی بھاری اکثریت سے این اے 53کی نشست جیتیں گے، شاہد خاقان عباسی کی جتنی مقبولیت مری اور کہوٹہ میں ہے اتنی ہی مقبولیت اسلام آباد کی سیٹ پر ہے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نادرا کا ووٹرز کے بارے میں ڈیٹا لیک ہونے کی تحقیقات ہونی چاہئے ، چیئرمین نادرا اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کریں،اگر ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونے میں چیئرمین نادرا کا کوئی کردارہے تو انہیں بوجھ اٹھانا پڑے گا، بہت سی چیزیں لیک نہیں ہونی چاہئیں لیکن سوشل میڈیا پر آجاتی ہیں، شاہد خاقان عباسی کی رہائش پچھلے پچیس سال سے این اے 53میں ہیں، سیاسی رہنماؤں کی عید عوام کے ساتھ ہی گزرتی ہے۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے کلثوم نواز کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ان سب کا مشکور ہوں، اسپتال میں کلثوم نواز کے کمرے میں گھسنے والے شخص کی عمران خان کے ساتھ تصویریں ہیں، سیاسی قیادت اپنے مخالفین کو جس انداز سے مخاطب کرتے ہیں وہی رجحان عوام میں پروان چڑھتا ہے، اگر کوئی لیڈر گالم گلوچ کا کلچر قائم کرے گا وہ نیچے کارکنوں تک جاتی ہے، عمران خان زخمی ہوئے تو نواز شریف نے تمام سیاسی مصروفیات منسوخ کردی تھیں۔حامد میر نے بتایا کہ جس دن عمران خان زخمی ہوئے اسی دن نواز شریف نے مجھے انٹرویو دیا تھا، نواز شریف نے اس انٹرویو میں عمران خان پر سخت تنقید کی تھی لیکن جب انہیں عمران خان کے زخمی ہونے کا پتا چلا تو انہوں نے درخواست کی اس انٹرویو میں سخت الفاظ کو آپ نشر نہ کریں۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بلاول کو ان کی والدہ نے جب بلاول ہاؤس گفٹ کیا تو اس وقت اس کی قیمت تیس لاکھ ہی تھی، انکم ٹیکس قوانین کے مطابق کوئی شخص جب کوئی جائیداد خریدتا ہے تو اسے اس وقت کی ویلیو ظاہر کرنا ہوتی ہے، بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں ہر ممکن حد تک تفصیل شامل کی ہے، ایف آئی اے کی طرف سے مکمل تحقیق کیے بغیر سیاستدانوں کو ٹارگٹ کرنا درست نہیں ہے، بیوروکریٹس اور جنرلز کے اثاثہ جات کی تفصیل بھی ان کے متعلقہ محکموں کے پاس ہونی چاہئے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ قومی لیڈر کو پورے ملک میں اپنی مقبولیت دکھانا ضروری ہوتی ہے، بلاول بھٹو مالاکنڈ سے الیکشن لڑ رہے ہیں تو اس کے پیچھے یہی سوچ ہے، سیاسی مخالفین پر اعتراضات جمع کروانا سیاسی ناپختگی کا اظہار ہوتا ہے، پیپلز پارٹی کبھی سیاسی مخالفین کی کردار کشی نہیں کرتی ہے، نادرا سے ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونے کی ذمہ داری چیئرمین نادرا پر عائد ہوتی ہے، بلاول بھٹو نے کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا کی اور پھولوں کا گلدستہ بھجوایا، احسن اقبال زخمی ہوئے تو بلاول بھٹو انہیں اسپتال دیکھنے گئے، سوشل میڈیا پر خیالات کااظہار کرتے ہوئے اخلاقیات کا خیال رکھنا چاہئے۔