شاہ سلمان کی جانب سے پاکستانی عوام کیلئے ڈیڑھ سو ٹن کھجوروں کا تحفہ حکومت کے حوالے

June 22, 2018

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے ڈیڑھ سو ٹن کھجوروں کا تحفہ حکومت کے حوالے کردیاگیا حکومت کھجوریں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں تقسیم کریگی، جمعرات کو سعودی سفارتخانہ میں خصوصی تقریب ہوئی، کابینہ ڈویژن کے بریگیڈئیر ذکیر احمدنے دستاویزات پر دستخط کئے، سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈیڑھ سو ٹن کھجوروں کا تحفہ شاہ سلمان نے خصوصی طور پر پاکستان کیلئے بھیجا ہے، سعودی عرب نے پاکستان سمیت دیگر برادر اسلامی ممالک کی مختلف شعبوں میں اعانت دینی اور اخلاقی فریضہ سمجھ کر کی ہے، سعودی عرب اپنی مجموعی آمدنی کا ایک اعشاریہ نو فیصد حصہ انسانی مدد و اعانت کیلئے کسی امتیاز کے بغیر خرچ کرتا ہے، سعودی سفیر نے کہاہم اہل پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیساتھ اللہ تعالیٰ سے حفظ و امان کیلئے دعا گو ہیں، بریگیڈ ئیر ذکیر نے کہا کھجوروں کا تحفہ پاکستانی عوام سے سعودی فرمانروا کی محبت کااظہار ہے، سعودی عرب نے مسلم امہ کے اتحاد و ترقی کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے ۔