شادی شہید ،باڑے میں آگ لگنے سے 25 بکریاں ہلاک، 5افراد زخمی

June 27, 2018

خیرپور(بیورورپورٹ) خیرپو رکے پہاڑی علاقے کے گوٹھ شادی شہید میں بکریوں کے باڑے میں اچانک خوفناک آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 25بکریاں جل کر ہلاک ہو گئیں جبکہ آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران 5افراد آگ میں جھلس کر زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں میں اظہر علی دھاریجو ،دریا خان ،آفتاب احمد ،رحیم بخش اور شہمیر شامل ہیں، بکریوں کے باڑے میں آگ لگنے کے متعلق بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز بکریوں کا چرواہا بکریوں کو پہاڑی سلسلے میں چرانے کے بعد شام کو بکریوں کو واپس گاؤں لے آیا اور بکریوں کو باڑے میں محفوظ کر کے گھر چلا گیا بعد ازاں رات کو اچانک بکریوں کے باڑے میں آگ لگ گئی جس سے 25بکریاں جل کر ہلاک ہو گئیں بکریوں کے مالکان اظہر علی دھاریجو اور دیگر کا کہنا ہے کہ وہ پہاڑی سلسلے کے غریب لوگ ہیں ان کا گذر بسر بکریوں پر ہے، حکومت ان کی مدد کر کے نقصان کا ازالہ کرے ورنہ وہ شدید مشکلات کاشکار ہو جائیں گے۔