حالات چاہے کتنے کٹھن کیوں نہ ہوں میدان نہیں چھوڑیں گے،شاہی سید

July 15, 2018

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)عوامی نیشنل پارٹی سندھ نے شہر بھر میں اپنی انتخابی سرگرمیاں بحال کردی ہیں، پارٹی کے صوبائی صدراور NA۔238 کے امیدوار شاہی سید نے ملیر ظفر ٹاؤن کے علاقے ثاقب سٹی میں انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس وقت اندیکھے دشمن کا سامنا ہے وقت اور حالات چاہے کتنے کٹھن کیوں نہ ہوں ہم میدان نہیں چھوڑیں گے،حالات و واقعات کو مدّنظر رکھتے ہوئے ہم نے اپنی انتخابی مہم کی منصوبہ بندی تبدیل کردی ہے زیادہ بڑے اجتماعات اور کھلے میدانوں میں جلسے کرنے کے بجائے عوامی نیشنل پارٹی محدود پیمانے پرجرگہ و کارنر میٹنگز کا اہتمام کرے گی،عوام میں ہماری مقبولیت اور پذیرائی میں واضح اضافہ ہوا ہے، 25 جولائی کا دن عوامی نیشنل پارٹی کی فتح کا دن ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عوام میں اپنا رابطہ بحال رکھا ہے ہمیں اپنے لوگوں کا سامنا کرنے میں کسی قسم کی مشکلات درپیش نہیں ہے مضبوط تنظیی ڈھانچے کی بدولت ہم کسی نا کسی صورت میں عوام میں موجود رہتے ہیں۔