حیدرآباد، این اے 225 اور پی ایس 62 و 63 میں گہماگہمی تیز

July 15, 2018

حیدرآباد ( اے بی سومرو) حیدرآباد،این اے 225اور صوبائی حلقوں پی ایس 62اور 63میں گھماگہمی تیز ہوگئی‘ ضلع حیدرآباد کی تحصیل قاسم آباد اور دیہی ٹنڈوجام پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 225اور صوبائی حلقوں پی ایس 62اور 63میں گھماگہمی تیز ہوگئی ہے‘ این اے 225پر اس بار پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق ایم این اے امیر علی شاہ جاموٹ کے بیٹے طارق شاہ جاموٹ کو میدان میں اتاراہوا ہے‘ جبکہ اس کے مدمقابل پی پی کے ناراض رہنما اور تحریک انصاف کے امیداوار خاوند بخش جہیجو اور شہید بے نظیر بھٹو کی ساتھی ناہید خان گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی ٹکٹ سے معرکہ سر کرنے کے لیے پر امید ہیں‘ جبکہ دیگر جماعتوں کے امیداوار بھی اپنی قسمت آزمائیں گے۔ مذکورہ قومی اسمبلی کے حلقے کے پی ایس 62قاسم آباد تحصیل پر پی پی پی کے جام خان شورو اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ایاز لطیف پلیجو اور سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی میں کانٹے کے مقابلے کا امکان ہے‘ اس ضمن میں مذکورہ امیدواروں نے حلقے میں انتخابی مہم تیز کردیا ہے‘ دن ہو یا رات امیدواروں نے گلی ‘ کوچوں اور قصبوں ووٹ کی اپیل کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ صوبائی حلقے پی ایس 63پر پی پی پی کے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور نئی جماعت تبدیلی پسند پارٹی کے سربراہ علی قاضی جو کہ پہلی مرتبہ انتخاب لڑ رہے ہیں ان دونوں کے مابین کانٹے کے مقابلے کا امکان ہے‘ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے خاوند بخش جہیجو نے بھی علی قاضی کی حمایت کا اعلان کیا ہوا ہے‘ جس کے بعد سیاسی حلقوں میں بازگشت ہے کہ مذکورہ امیدوار ایک دوسرے کو تگڑا ٹکر دینگے۔اس ضمن میں مذکورہ صوبائی حلقے کا معرکہ فتح کرنے کے لیے تمام امیدوار وں کی جانب سے ورک تیز کردی گئی ہے‘ روٹھوں کو منانے کا بھی سلسلہ بتدریج جاری ہے اور اس دوران ایک سے دو مرتبہ کامیاب ہوکر اسمبلی کے مزے چکھنے والے امیدواروں کو ترقیاتی اسکیموں‘ ملازمتوں اور دیگر کاموں میں نظر انداز کرنے کے بھی طعنے سننے کو مل رہے ہیں اور وہ ایک بار پھر ووٹ کے بدلے آئندہ ترجیحی بنیادوں پر تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواکر جان چھڑ ا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن 2013ء میں این اے 225سے پی پی پی کے امیر علی شاہ جاموٹ‘ پی ایس 62پر بھی پی پی پی کے جام خان شورو اور 63پر شرجیل انعام میمن نے فتح حاصل کی تھی‘ مگر اس بار سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔