امیدواروں کی ملاقاتیں اور کارنر میٹنگز، مسائل حل کرنےکا عزم اور دعوے

July 15, 2018

ڈگری (نامہ نگار )قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 219 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس50ڈگری سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے امیدواروں نے اپنی انتخابی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں ۔تمام امیدوار ملاقاتوں اور کارنر میٹنگز میں علاقے کے مسائل حل کرنے کا عزم اور دعوے کررہے ہیں --پیپلزپارٹی کے دونوں حلقوں کے پی پی امیدواروں میر منور علی خان تالپور اور میر طارق تالپور نے حلقے میں آرائیں۔ ناگوری۔ کمبوہ اور قائم خانی برادری کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگز میں شرکت کی۔ اور خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی اپنی کارکردگی کی بدولت 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ اور کامیاب ہو کر پانی کی قلت کے خاتمے کی کوشش اور ترقیاتی کام ترجیح بنیادوں پر کیے جائیں گے۔ بعد ازاں رہنماوں نے علی ناگوری کے عشائیہ تقریب میں بھی شرکت کی- این اے219 سے جی ڈی اے کے امیدوار ارباب غلام رحیم نے تھرپارکر میں انتخابی مصروفیات کے باعث تاحال ڈگری میں اپنے حلقے میں قدم نہیں رکھا۔ اور ان کی انتخابی مہم ان کے صاحبزادے ارباب عنایت اللہ جو پی ایس50 ڈگری سے جی ڈی اے کے امیدوار بھی ہیں۔ وہ چلا رہے ہیں۔ ارباب عنایت اللہ نے لغاری۔ پتافی۔ رحمانی اور دیگر برادریوں کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پیاسا مارنے والے اور پانچ سال تک عوام کو شکل نہ دکھانے والے پی پی کے امیدوار اب کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ صورت حال تبدیل ہو گئی ہے۔ شکست پی پی کا مقدر ہے ۔دریں اثناء راہ حق پارٹی کے پی ایس50 سے امیدوار مولانا نظیر احمد کی قیادت میں مدنی مسجد سے اسٹیشن تک موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے بہت لوٹ مار کر لی ہے ۔حالات کی بہتری اور اصلاح کے لیے اب دینی جماعتیں میدان عمل میں نکل آئی ہیں۔ عوام راہ حق پارٹی کو ووٹ دے کر کامیاب کروائیں- دونوں حلقوں سے پی ایس پی اور ایم ایم اے کے امیدواروں کی انتخابی مہم بھی جاری ہے-