جلد ملک گیر یوم سیاہ کی کال دوں گا، شہباز شریف

July 15, 2018

لاہور(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیس کے مظالم و زیادتیوں پر شدید غم و غصہ ہے تاہم قانون جلد حرکت میں آئے گا اور زیادتیاں کرنے والوں کو سزا ملے گی، کارکنوں پر تشدد کرنیوالوں کو کٹہرے میں کھڑا کرینگے، عام لوگوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی ، دہشت گردی کی دفعات بھی لگادی گئیں، جلد ملک گیر یوم سیاہ کی کال دوں گا، پورے ملک میں ہمارے انتخابی جلسوں اور دفاتر میں سیاہ پٹیاں باندھیں جائینگی اور پرامن احتجاج کیا جائیگا، نوازشریف اور مریم نواز کا جیل میں ٹرائل انصاف کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، جیل میں دہشت گردوں کا ٹرائل ہوتا ہے، ہمارے خلاف مشرف دور میں بھی ٹرائل جیل میں نہیں کیا گیا، قائد کے دفاع کیلئے تمام قانونی و سیاسی ذرائع بروئے کار لائینگے اور انصاف کا دروازہ بات بار بار کھٹکھٹائیں گے، یہ کسی کا ہم پر احسان نہیں ہوگا بلکہ ہمارا حق ہے،الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو نتائج قبول نہیں کرینگے، تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا کرکے لائحہ عمل تیار کریں گے، خطرات کے سائے بڑھتے جارہے ہیں، اب تو پیپلزپارٹی بھی چلا اٹھی ہے، انتخابات کی شفافیت پر شکوک و شبہات بڑھتے جارہے ہیں ،کسی بھی حوالے سے دھاندلی ہوئی تو نتائج کو تسلیم نہیں کرینگے، عمران خان کا یہ کہنا کہ جب بھی نواز شریف پر برا وقت آتا ہے ملک میں دہشت گردی شروع ہو جاتی ہے، انتہائی قابل مذمت ہے کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت پر بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،ہم سیاسی فورسز ہیں ،جمہوریت اور ملک کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔