نیب کیخلاف عالمی فرم کی درخواست سماعت کیلئے منظور

July 16, 2018

سپریم کورٹ نےنیب کے خلاف عالمی فرم ایل ایل سی براڈ شیٹ کے معاوضے کی درخواست پر رجسٹرار دفتر کے اعتراضات کے خلاف اپیل کھلی عدالت میں سماعت کے لئے منظور کرلی ہے۔

عالمی فرم نے نیب کو 500 ملین ڈالر کے ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے، فرم نے نیب کو خدمات فراہم کی تھیں۔

عالمی فرم ایل ایل سی براڈ شیٹ نے جے آئی ٹی کے والیم ٹین کی فراہمی کی درخواست بھی کی ہے اور کہا ہے کہ اس میں جو معلومات فراہم کی گئی ہیں وہ ہماری خدمات کے معاوضے کے تعین کیلئے عالمی ثالث میں ہماری ضرورت ہیں۔

عالمی فرم نے نیب سے ہرجانہ وصولی کیلئے عالمی ثالث سے رجوع کیا تھا اور کہا تھا کہ نیب نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ عالمی ثالث نے فرم ایل ایل سی براڈ شیٹ سے کہا تھا کہ وہ نیب کو فراہم کی گئی خدمات کی دستاویزات پیش کرے۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے عالمی فرم کی درخواست پر اعتراضات کئے تھے ۔ رجسٹرار کے اعتراضات کے خلاف اپیل جسٹس عظمت سعید شیخ نے چیمبر میں کی ۔