نقیب کے والد اور وکلاء کا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ

July 16, 2018

نقیب اللہ قتل کیس میں مقتول کے والد اور وکلاء نے انسداد دہشت گردی عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔

رائو انوار کے خلاف نقیب اللہ قتل کیس میں رائو انوار کے لئے نئی مشکل اس وقت کھڑی ہوئی جب مدعی مقدمہ نے عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کيس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست دائر کردی۔

مدعی مقدمہ کے وکيل صلاح الدين پنہور نے درخواست جمع کرائی، جس ميں موقف اختيار کيا کہ مدعی مقدمہ کو اس عدالت پر اعتماد نہیں ہے اورعدالتی کارروائی سے واک آئوٹ کر رہے ہیں۔

عدالت نے درخواست پر کوئی فیصلہ کئے بغير دوسرے کيس میںرائو انوار کی ضمانت پر کارروائی روک دی، جبکہ دیگر 5 شريک ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر وکلا نے دلائل دئیے عدالت نے مزید سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد رائو انوارنے مدعی کے اعتراضات کو بے بنیاد قرار ديا اور دعویٰ کیا کہ کسی ملزم خلاف ثبوت نہیں ہے۔

مدعی مقدمہ اور وکلاء نے پراسکيوٹر کی قابليت اور تفتیشی افسر کی کارکردگی پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کيا اور کہا کہ انہوں نے بھی کيس کو مزيد خراب کيا ہے.