عوام کے پاس پی ایس پی کے سوا کوئی آپشن نہیں،مصطفیٰ کمال

July 18, 2018

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ووٹرز کو سوچنا ہوگا کہ انہیں لاشوں والا یا روشنی والا پرامن کراچی چاہیے۔

مصطفیٰ کمال نے وفد کے ہمراہ مرکزی رویت ہلاک کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن سے ملاقات کی ،باہر آکر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کے پاس پی ایس پی کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ 2 روزہ انتخابی دورے کا آغاز مفتی منیب الرحمٰن سے دعائیں لے کر کررہے ہیں ۔

حیدرآباد پہنچنے کے بعد مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ کراچی کو 6 ماہ میں دوبارہ روشنیوں کا شہر بنادیں گے اور حیدر آباد 3 ماہ بعد صاف ستھرا چمکتا ہوا شہر ہوگا ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم وہ نہیں جو ووٹ لینے کے بعد بولیں ہمارے پاس اختیار نہیں، لوگوں کو امید ہےکہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہونےوالی ہے۔

پی ایس پی سربراہ نے مزید کہا کہ دنیا چاند پرجا رہی ہے اور سندھ کےلوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہےہیں، یہاں تعلیم ہے نہ صحت کی سہولیات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کےعوام کو طویل عرصہ کےبعد ہوا کا تازہ جھونکا پی ایس پی کی شکل میں ملا ہے،پی ایس پی کے امیدواروں کا کسی سےنہیں ،اپنے امیدواروں سےہی مقابلہ ہے۔

مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف پر جو الزامات ہیں انہیں اس کا دفاع کرنے کا پورا حق ملنا چاہیے،انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔