سب کی چھٹی، لاڈلے کو کھلی چھٹی، ایسا نہیں چلے گا، شہباز شریف

July 19, 2018

راجن پور ( این این آئی‘آئی این پی)مسلم لیگ (ن ) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گا‘ مسلم لیگ (ن )کے قائد میاں محمد نواز شریف کو صرف مفروضوں کی بنا پر جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا‘اگر عوام کی خدمت کرنا اور نواز شریف سے محبت گناہ ہے تو ہم ایسے ہزار گناہ کرنے کو تیار ہیں‘ سب کی چھٹی اور لاڈلے کو کھلی چھٹی ایسا نہیں چلے گا‘ہم نے تیر اور بلے کے نشان والوں کو شکست دے کر نواز شریف اور مریم نواز کو آزاد کروانا ہے‘عمران خان چیف آف آرمی اسٹاف کی تعیناتی کا فیصلہ کرنے کے قابل نہیں ہیں، عمران نیازی کے جلسوں کی کرسیاں اس کے دماغ کی طرح خالی ہیں‘عمران کو اقتدار ملاتو ملک تباہی کے دہانے پر چلا جائے گا‘ہمیں اقتدارملاتو ہندوستان کو پیچھے چھوڑدیں گے۔وہ گزشتہ روز راجن پور کی تحصیل روجھان میں انتخابیجلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹوں کی اصل جگہ بیت الخلا ہے انہیں وہاں ہی رکھنا چاہیے، ہمیں چھوڑ جانے والے چند لوگ اچھے بھی تھے جو دبائو میں ہم سے الگ ہو گئے جبکہ باقی سب پیدائشی لوٹے تھے جن کو ہم نے 25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے شکست دینی ہے۔ اللہ نے موقع دیا اور 25 جو لا ئی کو آپ نے اپنے ووٹ کی طاقت سے منتخب کیا تو پہلی فرصت میں راجن پور آئوں گا اور یہاں یونیورسٹی اور دانش اسکول کی بنیاد رکھنے کے ساتھ 50پرائمری اسکول بھی تعمیر کروائوں گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے جھوٹ اور الزام کی سیاست نہ کر کے خدمت کی سیاست کی ہے‘ہم نے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے جبکہ جھوٹا خان ایک کلو بجلی پیدا نہیں کر سکا، لاہور میں ڈینگی آیا تو عمران نیازی ہمیں ڈینگی برادران کہتا تھا، دوسری جانب جب خیبر پختونخواہ میں ڈینگی آیا تو یہ کہہ کر نتھیا گلی کے پہاڑوں پر بھاگ گیا کہ جب سردیاں آئیں گی تو ڈینگی چلا جائے گا۔