ہیلی کاپٹر استعمال کیس، عمران نیب میں پیش نہیں ہوئے، مہلت مانگ لی

July 19, 2018

راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے کیس میں نیب کی جانب سے طلب کرنے پر پیشی کیلئے مہلت مانگ لی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے نیب کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں بتایا گیا کہ انتخابات قریب ہیں، عمران خان الیکشن مہم کی قیادت کررہے ہیں ،پیشی کی تاریخ 7اگست مقرر کی جائے ۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے خیبر پختو نخوا حکومت کے 2 ہیلی کاپٹرز کو غیرسرکاری دوروں کیلئے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔ جیونیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آج طلب کیا تھا۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے نیب کو مراسلے کے ذریعے جواب بھجوایا گیا جس میں بتایا گیا ہےکہ انتخابات قریب ہیں، عمران خان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی قیادت کررہے ہیں اس لیے 18 جولائی کو طے شدہ مصروفیات کے باعث ان کا نیب میں پیش ہونا مشکل ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہےکہ انتخابات کے فوری بعد عمران خان ترجیحاً نیب کے روبرو پیش ہوں گے اس لیے نیب مناسب سمجھے تو آئندہ سماعت کیلئے 7 اگست کی تاریخ مقرر کرلے۔