کابل ،دوستم کا استقبال کرنے والوں پر خود کش حملہ ،14جاں بحق

July 23, 2018

کابل (جنگ نیوز) افغانستان کےدارالحکومت کابل کے انٹرنیشنل ائرپورٹ کے دروازے پر خودکش بم دھماکے سے کم ازکم 11 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوگئے،ائیر پورٹ پرجلاوطنی کے بعد واپس آنے والے نائب صدر عبدالرشید دوستم کے استقبال کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔افغان حکومت کے سینئر عہدیداروں کا کہنا تھا کہ عبدالرشید دوستم کے استقبال کے لیے سیاسی رہنماؤں کے علاوہ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی تاہم جیسے ہی وہ ائرپورٹ سے واپس جانے لگے تو دھماکا ہوا۔عبدالرشید دوستم کے ترجمان بشیر احمد تیانجی کا کہنا تھاکہ دوستم بکتربند گاڑی میں سوار تھے اور محفوظ ہیں۔کابل پولیس کے ترجمان حشمت استانکزئی کا کہنا تھا کہ واقعے میں تاحال 11افراد جاں بحق اور 14زخمی ہو گئے ہیں۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے حملے کو خود کش قرار دیتے ہوئے کہا کہ خود کش حملہ آور پیدل تھا جبکہ متاثرین میں عام شہریوں کے علاوہ بچے اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ افغان نائب صدر عبدالرشید دوستم پر افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات لگے تھے جس کے بعد وہ مئی 2017 میں ترکی چلے گئے تھے۔دوستم کی واپسی سے قبل ان کے سیاسی مرکز افغانستان کے شمالی علاقوں سمیت کئی صوبوں میں احتجاج کیا گیا تھا جہاں ان کے کارکنان نے کئی شاہراہوں کو بلاک کر دیا تھا اور ان کا مطالبہ تھا کہ حریف سیاسی رہنماؤں کو رہا کریں اور دوستم کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔