سونے سے پہلے کچھ وقت جلد کے لیے

August 04, 2018

جس طرح صبح کے معمولات خواتین کی صحت، جِلد اور خوبصورتی پر اثر انداز ہوتے ہیں، اسی طرح رات کے معمولات بھی ان کےچہرے کی جلد کے لیے بے حد معنی رکھتی ہیں۔ جلد کی حفاظت یا خوبصورتی کادارومدار مہنگی نائٹ کریم یا رنگ گورا کرنے والی کریم لگانے پر نہیں ہوتا بلکہ رات کے وقت خود کودیے گئے5سے10منٹ بھی حسین و جواں جلد کی وجہ بن سکتے ہیں۔

ہم جانتے ہیں کہ گھراور آفس کی مصروفیات آپ کو دن بھر خاصا تھکا دیتی ہے،بیڈروم میں داخل ہوتے ہی آپ کا موڈ صرف سونے کا ہوتا ہے لیکن سونے سے پہلے جلد کو دیا گیا کچھ وقت بڑھتی عمر کے اثرات کو ختم کرسکتا ہے، اس لیے رات کو جلد کی حفاظت کبھی نظر انداز نہ کریں۔

میک اپ صاف کریں

رات کو میک اپ صاف کیے بغیرسونے والی خواتین کو چہرے پر دانے ،کیل مہاسے ،آنکھوں کا انفیکشن اور جلد کی خرابی جیسے مسائل درپیش ہوتے ہیں۔ آنکھوں کے اردگرد کی جگہ چہرے کا وہ حصہ ہے جہاں سب سے پہلے عمر کے اثرات دکھنے لگتے ہیں، اس لیے میک اپ صاف کیے بغیر کبھی نہیں سوئیں۔ میک اپ صاف کرنے کے لیے اسکرب کا استعمال اور زور زور سےمنہ رگڑنے کی کوشش ہر گز نہ کریں۔ کاٹن پیڈ یامعیاری میک اپ ریموور وائپس کا استعمال میک اپ صاف کرنے کے لیے بہترین ہے۔

کلینزنگ

اگرچہ آپ چہرے کی صفائی کرچکی ہیں لیکن اس کے باوجود کلینزنگ کو اپنے رات کے معمولات میں ضرور شامل کریں۔ ماہر امراض جلد ایمی ویچسلر کے مطابق ماحولیاتی آلودگی انسان کی جلد کو متاثر کر تی ہے۔ آلودہ ہوا جلد میں موجود کولیجن پروٹین کی توڑ پھوڑ کر کے ڈی این اے کو نقصان پہنچاتی ہے۔اسی لیے دن کے اختتام پر بھی گرم اور معیاری کلینزر سے لازمی کلینزنگ کریں۔ امریکن ماڈل روزی الائس کہتی ہیں کہ وہ کام سے جتنی بھی دیر میں گھر پہنچیں، میک اپ کی صفائی اور کلینزنگ سیرم سے کلینزنگ کیے بغیر نہیں سوتیں۔

ٹونر لگائیں

عمو ماً ہم اپنے چہرے کی کلینزنگ کرتے ہیں اور اسے دھوتے ہیں لیکن ٹونر کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔کلینزنگ اور دھونے کے وقت چہرے کے مسام کھل جاتے ہیں، جن سے مٹی اور بیکٹیریا جلد کے اندر جا کر کئی مسائل کو جنم دیتے ہیں۔ٹونر جلد کو لٹکنے سے بچاتا اور کھلے مساموں کو بند کرتا ہے۔ اپنی جلد کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹونر کا استعمال کریں۔ رات میں ٹونر کا استعمال چہرے پر اضافی میک اپ اور کلینزر رہ جانے سےاس کی صفائی کرے گا۔

موئسچرائزر کا استعمال

آپ جس قدر جلد کی نمی کا خیال رکھیں گی اسی قدر آپ کی جلد کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگاجبکہ دوسری صورت میں جلد خشک ہو کر لٹکنے لگتی ہے اور جھریاں پڑنے کا خطرہ بڑھ جا تا ہے۔ نہ صرف چہرے بلکہ گردن ،ہاتھوں اور پاؤں کو بھی موئسچرائز کرنا مت بھو لیںکیو نکہ ان حصوں پر بھی بڑھتی عمر کے اثرا ت سب سے پہلے واضح ہو نے لگتے ہیں۔ موئسچرائزر کا استعمال ہمیشہ اپنی جلد کی اقسام کے پیش نظر رکھ کر کریں ۔چکنی جلد والی خواتین واٹر بیسڈ موئسچرائز ر کا استعمال کریں۔

ریشم کا تکیہ استعمال کریں

برطانوی رپورٹ کے مطابق خوبصورتی کے لیے ماہرین کاٹن کے بجائے ریشم کے تکیہ کے غلاف کا مشورہ دیتے ہیں۔بین الاقواامی اور معروف کاسمیٹک ڈاکٹر لورا لنچ کا کہنا ہے، ”تکیے کا کھردرا غلاف عمر میں اضافے کا سبب بنتا ہے کیونکہ اس کی رگڑ سے چہرے کی جلد متاثر ہوتی ہے اور جھریاں وچھائیاں پڑنے لگتی ہیں۔ اس لیےکاٹن کا غلاف استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ کاٹن انتہائی کھردری ہوتی ہے اوررگڑ کے باعث چہرے کی جلد پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔ اس کے بجائے ریشمی کپڑے کا غلاف استعمال کیا جانا چاہیے،اس سے نیند بھی اچھی آئے گی اورچہرے کی جلد بھی شاداب رہے گی‘‘۔ ڈاکٹر لورا لنچ ریشم کے تکیے کے ساتھ ساتھ خواتین کو سیدھا سونے کا مشورہ بھی دیتے ہیں، ان کے مطابق سیدھا سونا جھریوں سے بچاتا ہے۔

بھرپور نیند لیں

نائٹ ٹائم روٹین اور خوبصورتی کی بات ہو اور بھرپور نیند کا ذکر نہ آئے، کچھ ادھورا سا لگتا ہے، اس لیے7سے8گھنٹے کی نیند لازمی لیںاور رات دیر تک جاگنے کے بجائے جلدی سوئیں۔