کراچی سے کچرا اٹھانے میں چینی کمپنی مکمل ناکام ہوگئی، واٹر کمیشن

August 14, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر)امیرہانی مسلم نے صفائی ستھرائی کی ناقص کارکردگی پر شدیدبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی سڑکوں سے کچرا اور گندگی صاف کرنے میں چینی کمپنی مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، صفائی کا ہدف شہری حکومت کو دیا جاتاتو چینی کمپنی سے زیادہ بہترکارکردگی سامنےآتی، چینی کمپنی کو تو جگہوں کا بھی علم نہیں کہ کچرا اٹھانا کہاں سے ہے، کیوں نہ یہ ذمہ داری شہری حکومت کو سونپ دیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی کے چیئرمین کو حاضر ہونے کیلئے کتنی مہلت دیں؟۔ پیر کو سندھ ہائیکورٹ میں قائم واٹرکمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیرہانی مسلم نے شہر میں صفائی ستھرائی سے متعلق سماعت کی۔ اس موقع پرچینی کمپنی کی خاتون ڈائریکٹر اور ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ کمیشن کے روبرو پیش ہوئے، سربراہ کمیشن نے استفسارکیاکہ ہم نے چینی کمپنی کے چیئرمین کو طلب کیاتھا وہ کیوں نہیں آئےجس پر چینی کمپنی کے وکیل نے کہاکہ ڈائریکٹر بھی چائنہ سے آئی ہیں جس پر کمیشن کے سربراہ برہم ہوگئے اور کہاکہ کمیشن کو چیئرمین سے مطلب ہے نہ کہ ڈائریکٹر سے وکیل صاحب اپنے چیئرمین کو کمیشن میں بلائیں تاکہ وہ بھی تو جواب دیں کہ آخر کراچی شہر سے کچرا کیوں نہیں اٹھا رہے۔ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے استفسارکیاکہ جب کام نہیں ہورہا تو ہم ان لوگوں کو ڈالرز میں پیسہ کیوں دیں؟ اس موقع پر چینی کمپنی کے خاتون ڈائریکٹر نے کہاکہ ہمارے پیسہ ہمیں نہیں دیے جارہے،جس پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ بھی روسٹرم پر آگئے اور کمیشن کو بتایاکہ چینی ڈائریکٹرجھوٹ بول رہی ہے جتنا کام یہ کرتے ہے اتنا پیسہ ہم انہیں دیتے ہیں جب چینی کمپنی شہر میں کام نہیں کریگی تو ہم انہیں پیسہ کیوں دیں، اس دوران کمیشن نے ریمارکس میں کہاکہ لگتا ہے چینی کمپنی کے چئیرمین شہر سے کچرا صاف کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتےجس پر چینی کمپنی کے وکیل نے کہاکہ ہمیں دو روز کی مہلت دے دی جائے ہم چئیرمین کے متعلق آگاہ کردینگے،لیکن کمیشن نے ایک بارپھربھرہمی کا اظہارکرتےہوئے کہاکہ آپ کو کتنی مہلت ہم دے چکےہم یہاں روز روز مہلت دینے نہیں بیٹھے،وکیل چینی کمپنی نے درخواست کی کہ صرف آخری مہلت دے دیں چئیرمین کے کراچی آمد کے متعلق آگاہ کردیا جائیگا جس پر کمیشن نے چینی کمپنی سالڈ ویسٹ چیئرمین کی کمیشن میں حاضری سے متعلق آخری مہلت کی درخواست منظور کرتےہوئے خبردارکیا کہ آخری مہلت دے رہے ہیں چئیرمین آئے تو ٹھیک ورنہ اپنا فیصلہ جاری کردینگے۔