بھارت پاکستانی تاجروں کو ملٹی پل اینٹری ویزا دےگا

August 15, 2018

بھارتی حکومت نے اچھی مالی حیثیت رکھنے والے پاکستانی تاجروں کو ملٹی پل اینٹری ویزا دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

گلف نیوز رپورٹ کے مطابق بزنس ویزا 3 سال تک کے لیے جاری کیے جائیں گے جس کے تحت پاکستانی تاجر بھارت میں 15 جگہوں پر جا سکیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی حکومت نے خصوصی کیٹیگری کےحامل پاکستانی تاجروں کیلئے ملٹی پل ویزا اینٹری کی ہدایات رواں سال 7 جولائی کو جاری کی تھیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر مملکت کرن رجییو نے بھارتی لوک سبھا کو بتایا کہ بزنس ویزے 5 سال کیلئے جاری کیے جاسکتے ہیں جو سارک ممالک کے شہریوں کی ضرورت کے مطابق ہوں تاہم ان سارک ممالک میں پاکستان، نیپال اور بھوٹان شامل نہیں ہوں گے۔

کر ن رجییو نے مزید بتایا کہ بھارتی حکومت پاکستان اور بنگلہ دیش کی اقلیتوں کو طویل مدت کے ویزے جاری کرنے کے لیے پر عزم ہےاور 2013میں بھارت نے 3 ہزار 85 پاکستانی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو طویل مدتی ویزے جاری کیے گئے جبکہ 2014میں ان ویزوں کی تعداد تقریباٍ3 ہزار تھی۔