شہر میں 10،دیہی علاقوں میں14گھنٹے لوڈ شیڈنگ ،عوام پریشان

August 17, 2018

پشاور(خبرنگار) پشاورمیں مسلسل کئی گھنٹوں تک بجلی لوڈشیڈنگ اورآنکھ مچولی نے شہریوں کو پریشانی سے دوچارکردیا ۔شہریوں نے بجلی لوڈشیڈنگ کاسلسلہ ختم نہ ہونے پراحتجاج کی دھمکی دیدی۔پشاورکے مختلف علاقوں ہشتنگری،وڈپگہ ،فردوس،حاجی کیمپ ،گلبہار‘سیٹھی ٹائون نمبر2 ،گلبرگ ‘فقیرآباد،افغان کالونی ،سردارکالونی ،لطیف آباد،رنگ روڈاورملحقہ علاقوں مومن ٹائون،گل آباد،سلطان کالونی ،رشیدآبادسمیت دیگرعلاقوں میں بجلی کی مسلسل تین سے چارگھنٹوں کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کوشدیدمشکلات کاسامناہے ۔کئی علاقوں میں مسلسل 6گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی اس وقت پشاورکے شہری علاقوں میں چوبیس گھنٹوں میں8سے 10جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کادورانیہ14گھنٹے تک پہنچ گیا ۔بجلی لوڈشیڈنگ کے باعث کئی علاقوں میں پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی بھی معطل رہی ہے جس کے باعث شہری دوردرازعلاقوں سے پانی لانے پرمجبورہوگئے ۔دوسری جانب گزشتہ روز وڈپگه 2 فیڈر میں 16 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی بند ہونے کی وجہ سے 30 سے زائد گاؤں بجلی سے محروم ہوگئےعلاقہ مکینوں کے حکام سے بارباررابطے کے باوجودبھی شنوائی نہیں ہوئی ۔علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی نہ ہونے کے باعث گھریلو صارفین کیساتھ ساتھ کاروباری افرادکوبھی مشکلات درپیش ہیں۔علاقہ مکینوں نے واپڈاحکام کی جانب سے مسئلے کوحل نہ کرنے پراحتجاج بھی کیااوردھمکی دی کہ اگرفوری طور پر ٹرانسفارمرکی مرمت نہ کی گئی تووہ احتجاجاً موٹروے بندکرنے سے بھی دریغ نہیں کرینگے ۔شہریوں نے صوبائی حکومت اوردیگرحکام سے مطالبہ کیاکہ حکمران ذاتی مسئلے مسائل کو چھوڑ کر عوامی مسائل کے حل پرتوجہ دیتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے فوری خاتمے کیلئے اقدامات کریں اورمزیدعوام کے صبرکاامتحان نہ لیاجائے بصورت دیگرتنگ آمدبجنگ آمدکے مصداق وہ سڑکوں پرنکلنے پرمجبورہونگے۔