وزیراعظم ہائوس 1100 کنال، اخراجات کروڑوں میں، 80 میں سے 78 گاڑیاں نیلام ہوں گی

August 20, 2018

اسلام آباد(جنگ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم کے ذاتی استعمال کیلئے دستیاب 80 گاڑیوں میں سے صرف دو اپنے استعمال میں رکھیں گے، باقی تمام گاڑیاں نیلام کردی جائیں گی اور ان سے ہونے والی آمدنی قومی خزانے میں شامل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں 65 کروڑ روپے صرف بیرونی دوروں پر خرچ کیے گئے۔ وزیراعظم ہاؤس 1100 کینال پر ہے اور وہاں کے سالانہ اخراجات کروڑوں روپے کے ہیں، وہاں اعلیٰ معیار کی یونیورسٹی بنائی جائے گی، منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کی گئی دولت واپس لانا عزم ہے،انہوں نے کہاکہ ڈی سی ،کمشنر، گورنر بڑے بڑے گھروں میں رہتے ہیں، ایک طرف قوم مقروض ہے دوسری طرف صاحب اقتدار کا طرز زندگی انگریز دور جیسا ہے، اگر ملک اسی طرح چلتا رہا تو قوم ترقی نہیں کرے گی، ہمیں سوچ اور رہن سہن بدلنا ہوگا‘عمران خان نے کہا کہ وہ اپنے گھر میں رہنا چاہتے تھے لیکن صرف سکیورٹی کے باعث اپنے گھر میں نہیں رہ رہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤسز میں کوئی گورنر نہیں رہے گا، تمام گورنر ہاؤسز اور وزیر اعلیٰ ہاؤسز میں سادگی اختیار کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا جو وزیراعظم ہے اس کے 524ملازم ہیں ان میں سےدوملازم رکھوں گا ، ملک ایک طرف مقروض ہے دوسری طرف دیکھیں اس کے وزیراعظم یعنی میں 80 گاڑیاں ہیں ، 33بلٹ پروف گاڑیاں ہیں ایک بلٹ پر وف گاڑی کی قیمت 5 کروڑ روپے سے زیادہ ہے اور ہیلی کاپٹر ہے ، جہاز ہے، ہمارے گورنرز ہاؤسز ہیں ان کے اوپر کروڑوں روپے سالانہ ہماری یہ حکومت خرچ کرتی ہے پھر ہمارے ریسٹ ہاؤسز ہیں ، پھر ہمارے چیف منسٹر ہاؤسز ہیں ،جتنی ان کی گاڑیاں ہیں ، جتنے ہمارے سیکریٹریز گورنمنٹ ہیں ان کی دو ، دو تین ، تین گاڑیاں ہیں ، ہمارے ڈی سیز ، ہمارے کمشنر بڑے بڑے گھروں میں رہتے ہیں ، کتنے ہی کنال کے ۔ ایک طرف ایک قوم مقروض ہے جو اپنے لوگوں پر پیسہ خرچ نہیں کرسکتی دوسری طرف ایک صاحب اقتدار اس ملک میں ایسے رہتے ہیں وہ بالکل ویسے رہتے ہیں جب انگریزوں نے آکر اس ملک پر حکومت کی تھی او رانہوں نے حکمرانوں کی طرح یہ بڑے بڑے گورنرز ہاؤس بنائے تھے کیونکہ ہم غلام تھے ہم جب آزاد ہوئے ہم بھی ویسے ہی رہتے ہیں ، ہم کچھ فکر نہیں ہے کہ اس ملک میں ہم لوگوں کی کچھ بنیادی ضروریات پوری نہیں کرسکتے لیکن ہمارا رہن سہن دیکھیں ۔ آپ صرف یہ دیکھیں پچھلے پرائم منسٹرز نے بیرون ملک دوروں پر کتنا خرچ کیا ہے کوئی 65کروڑ روپیہ ایک پرائم منسٹر دوروں پر خرچ کرتا ہے یہ کیا کرنے جاتے ہیں باہر ۔ مجھے یہ بتائے کہ 65 کروڑ روپیہ آپ دوروں پر خرچ کرتے ہیں کدھر جاتا ہے یہ پیسہ ۔ اسپیکر نیشنل اسمبلی کا بجٹ تھا 16 کروڑ روپیہ 8 کروڑ روپیہ سنا ہے انہوں نے دوروں پر خرچ کردیا وہ کیا کرتے ہیں جاکر کوئی ملک فتح کرنے جارہے ہیں وہ کیا کرنے جاتے ہیں وہاں تو میں آج آپ کے سامنے اس لئے یہ ساری باتیں رکھ رہا ہوں کیونکہ میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ اپنے ذہنوں میں ڈال لیں کہ اگر ہم نے اپنا رخ نہ بدلا ہم تباہی کی طرف جارہے ہیں اللہ قرآن میں کہتا ہے کہ میں کبھی اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ قوم خود اپنی حالت بدلنے کی کوشش نہ کرے ۔ ہمیں اگر اپنے آپ کو اس تباہی سے روکنا ہے تو ہمیں اپنی سوچ بدلنا پڑے گی ہمیں اپنے طور طریقے بدلنے پڑیں گے ہمیں اپنا رہن سہن بدلنا پڑے گا ۔