دعا گو ہوں پاکستان امن و ترقی کی منازل طے کرے، نارویجن وزیر ثقافت

August 26, 2018

ناروے کی وزیرثقافت مس تھرینے شی گریندےکا کہنا ہے کہ ہماری دعا ہے کہ پاکستان جلد از جلد ترقی کی منازل طے کرے اور وہاں امن و امان برقرار ہے۔

پاکستان یونین ناروے کے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے اوسلو میں منعقد تقریب سے خطاب میں مس تھرینے شی گریندے نے پاکستان اور ناروے کے تعلقات میں بہتری پر زوردیا ۔

ان کا کہناتھاکہ ہم پاکستان میں نئی حکومت کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں بدعنوانی ختم ہو، وہاں خوشحالی آئے۔

وزیر ثقافت نے ناروے اور پاکستان کے تعلقات کی بہتری خاص طور پر ثقافتی شعبے میں مزید دوطرفہ تعاون پر زور دیااور مسلمانوں کے انداز میں اپنے دونوں ہاتھ بلند کرے کہاکہ وہ دعا گو ہیں کہ پاکستان میں انتہاپسندی اور فرقہ واریت ختم ہو اور لوگوں کو انصاف و مساوی حقوق ملیں۔

پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے انہوںنے علامہ اقبال کا یہ شعر پیش کیاکہ’خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے، خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے‘۔

نارویجن وزیر نے قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست کی تقریر کا بھی حوالہ دیا، جس میں مذہبی آزادی، انصاف اور مساوات پر زور دیا گیا،ساتھ ہی انہوںنے 60 اور70 کی دہائی میں ناروے آنے والی پاکستانیوں کی پہلی نسل کو خراج تحسین پیش کیا ،جنہوں نےنارویجن پاکستانی کمیونٹی کی بنیاد رکھی اور اپنی محنت اور لگن سے ناروے میں اپنی باوقار جگہ بنائی،جس کا ناروے کے بادشاہ اور وزیراعظم بھی اعتراف کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ناروے میں پاکستانی ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹ اور دیگر شعبوں میں کاروبار کررہے ہیں اور کئی اہم عہدے پر فائز ہیں،انہوں نے پاکستان یونین ناروے کے کام کو قابل ستائش قرار دیا اور یونین کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی طرف سے پروگرام میں مدعو کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

چوہدری قمراقبال نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان یونین ناروے کو انہوں نےایک غیرمنافع بخش اور نان فنڈڈ تنظیم قرار دیااور کہا کہ ہم اپنے بڑوں کی قائم کردہ اس تنظیم کے پلیٹ فارم پربے لوث خدمات انجام دینے کی کوشش کرتے رہیں گے۔

تقریب کے مہمان خصوصی برسٹر صبغت اللہ قادری کیوسی اور ہائی شیرف گریٹر مانچسٹر محترمہ ڈاکٹر روبینہ شاہ تھےجس میںلوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی جبکہ نارویجن پارلیمنٹ عابد قیوم راجہ،سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئراتاشی خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔

تقریب کے دوران ڈاکٹر روبینہ شاہ کو ان کی گرانقدر سماجی خدمات اور انہیں ہائی شیرف مانچسٹر کا اعزاز ملنے پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا، تھرینے شی گریندے اور پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال انہیں یہ ایوارڈ پیش کیا۔

ان کے علاوہ دو خواتین میڈیا پرسنز کو خصوصی میڈیا ایوارڈز دیئے گئےجس میں سیدہ کوثر منور شرقپوری دھنک لندن کی چیف ایڈیٹر ہیں اور رقیہ کوثر اوورسیز کیمونٹی پوسٹ ناروے کی چیف ایڈیٹرشامل تھیں۔

اس دوران بعض شخصیات کو پاکستان اور نارویجن پاکستانیوں کے حوالے سے ان کی خصوصی کاوشوں کے اعتراف پر پھول پیش کئے گئے، ان شخصیات میں ریسرچ اسکالر اور سینئر پاکستانی صحافی سید سبطین شاہ، پاکستان یونین ناروے کے پاکستان میں قانونی مشیر عظمت فاروق ایڈوکیٹ، نارویجن پاکستانی این جی او سکون کے سربراہ شاہد جمیل قابل ذکر ہیں۔

پروگرام کی نظامت کے فرائض ادبی و ثقافتی شخصیت شاہ رخ سہیل اور ماریہ خان نے انجام دیئے، اختتامی مرحلے کو پاکستان کے ایونٹس آرگنائزر عباس فلکی نے انجام تک پہنچایا جس میں پاکستان کی معروف گلوکارہ شازیہ منظور اور لوک فنکار طاہرمحمود نیئر نے ملی نغمے اور صوفیانہ کلام پیش کرکے شرکا ءکے دل جیت لیے۔