پانچ متبادل موجود ہیں تو نمک ہی کیوں کھائیں؟

August 29, 2018

آج 29 اگست کا دن نمک پر قابو پانے اور جڑی بوٹیوں کے استعمال سے آگاہی کے دن کے طور پرمنایا جاتا ہے۔ ہر سال اس دن کے موقع پر انسان اپنے آپ سے صحت مند کھانا کھانے کا عہدکرتا ہے اور اس حوالے سے پہلا اقدام کھانوں میں نمک کی مقدار کو کم کرنا ہے کیونکہ زیادہ نمک ہائی بلڈ پریشر اور اسٹروک جیسی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ آج کے دن اس بات سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے کہ نمک کی جگہ کن جڑی بوٹیوں کا استعمال انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔

پانچ جڑی بوٹیاں ایسی ہیں جن کا استعمال نمک کے متبادل کیا جاسکتا ہے۔ یہ کھانوں میں نمک کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ وزن میں کمی کا سبب بھی بنتی ہیں اور انسان کو صحت مند اور تندرست رکھتی ہیں۔

نمک کے پانچ نعم البدل :

دھنیا: دھنیےکے پتوں کا ایک الگ ہی منفرد ذائقہ ہے، اس کا استعمال کئی طریقوں سے کیا جاتا ہے۔ دھینے کو پیس کر کھانوں میں استعمال کیا جائے تو مصالحے دار اور کھٹا ذائقہ دیتا ہے۔ ان پتوں کا استعمال کھانا پکانے کے دوران بھی کیا جاتا ہے اور ان کو بغیر پکا بھی کھایا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ دھینے کے پتے سلاد کے لیے بہترین ہیں، انہیں سوپ میں بھی ذائقے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور کڑھی بھی ان پتوں کے بغیر ادھوری سمجھی جاتی ہے۔

دھنیا فائبر سے بھر پور ہے اس کے علاوہ اس میں آئرن، میگنیشیم اور وٹامن سی اور کے بھی پایا جاتا ہے۔

اوریگانو: یہ جڑی بوٹی غیر ملکی کھانوں میں بہت زیادہ استعمال ہوتی ہے جن میں پیزا، پاستا، چائنیز کھانے شامل ہیں۔ اوریگانوپائوڈر کا استعمال گوشت اور سمندری غذائوں میں بھی کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ سلاد اور اسپیگیٹی میں بھی شامل کی جاتی ہے۔

اوریگانو کا استعمال کئی بیماریوں سےبچاتا ہے جن میں سانس کی نالی کے امراض اور گیس کے مسائل وغیرہ شامل ہیں۔

روز میری: روز میری کے پتوں کا استعمال بہت کم مقدار میں اور کبھی کھبار کیا جاتا ہے کیونکہ ان پتوں کی تاثیر کافی سخت ہوتی ہے۔ اس کا استعمال زیادہ تر پیزا، گوشت، آلو اور انڈوں والی ڈششز میں ہوتا ہے۔ یہ جڑی بوٹی کھانے کو ہضم کرنےمیں مدد دیتی ہے، حافظہ اچھا کرتی ہے اور دماغ کے بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے۔

پودینہ: پودینے کے پتے صرف انسانی جسم میں تازگی پہنچانے کا کام نہیں کرتے بلکہ انہیں’ detox water‘ کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے اور یہ نظام ہاضمہ کو بھی درست رکھتا ہے۔ اس کا استعمال سلاد، پاستا اور دیگر دیسی کھانوں میں بھی باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔

تلسی: یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور جڑی بوٹی ہے جس میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات بھی موجود ہیں۔ تلسی کے پتےکھانوں میں مرچی کا ذائقہ شامل کرتے ہیں۔ یہ سوپ اور سلاد میں بڑی مقدار میں استعمال ہوتے ہیں۔