روس سے میزائلوں کا سودا، بھارت کو امریکی وارننگ

August 30, 2018

امریکا نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روس سے میزائل سسٹم خریدا تو اسے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

امریکی معاون وزیر دفاع رینڈل شرائیور نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے روس سے ایس -400 میزائل سسٹم کی خریداری پر امریکا کو سخت تحفظات ہیں، اگر بھارت نے میزائل سسٹم خریدا تو اسے امریکی پابندیوں سے خصوصی استثنا کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

واضح رہے کہ روس کے خلاف امریکا کے موجودہ قواعد و ضوابط کے مطابق روس سے دفاعی یا انٹیلی جنس معاملات کرنے والے کسی تیسرے ملک کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے تاہم امریکی وزیر دفاع کی کوششوں کے بعد کانگریس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ کسی ملک کو پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دے سکتے ہیں۔