کابل اسپورٹس کمپلیکس خودکش حملےمیں18افراد ہلاک

September 05, 2018

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے اسپورٹس کمپلیکس پر دو خودکش حملوں میں18افراد ہلاک اور50زخمی ہو گئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کابل میں دشت برچ میںواقع اسپورٹس کمپلیکس کے ریسلنگ کلب میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں18افراد ہلاک ہو گئے۔

افغان وزارت صحت کے ترجمان واحد مجور نے بھی18افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 50افراد کو بحفاظت اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کے عینی شاہدنے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ خود کش بمبار نے کلب میں موجود محافظ کو قتل کرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا یاجبکہ فیس بک پر ایک صارف نے لکھا کہ خود کش بمبار نے خود کو ایسے مقام پر دھماکے سے اڑایا جہاں بڑی تعداد میں ایتھلیٹس موجود تھے جس سے بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔