لاہور ہائیکورٹ سرکٹ بنچوں کے اختیار سماعت کے تعین کیلئے کمیٹیاں تشکیل

September 12, 2018

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس محمد یاور علی نے لاہور ہائیکورٹ کے سرکٹ بنچوں کے اختیار سماعت کے تعین کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں جو وکلاء تنظیموں سے مشاورت کے بعد رپورٹ سینئر جج جسٹس انوار الحق کو پیش کریں گی،اس حوالے سے اجلاس لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں جسٹس محمد یاور علی کی زیر صدارت ہواجس میں ججز کے علاوہ ہائیکورٹ بار راولپنڈی کے صدر حسن رضا پاشا،سیکرٹری جنرل حفصہ بخاری،ملتان ہائیکورٹ بار کے صدر خالد اشرف اور سیکرٹری کیساتھ ساتھ بہاولپور بار کے صدر اور سیکرٹری بھی موجود تھے،اجلاس میں راولپنڈی بنچ کیلئے جسٹس ملک شہزاد احمد خان،ملتان کیلئے جسٹس امیر بھٹی اور بہاولپور بنچ کیلئے سردار شمیم خان کی سربراہی میں تین کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا مستقبل قریب میں یہ مسئلہ حل ہوگااور عوام کو انکے نزدیک ترین بنچ میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی، ہائیکورٹ بار کے صدر اور سیکرٹری نے کمیٹیاں تشکیل دینے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا شکریہ ادا کیا ،ہائیکورٹ بار راولپنڈی کے صدر ،سیکرٹری اور دیگر وکلاء تنظیموں نے مختلف بنچوں کے اختیار سماعت والے علاقوں میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا ہائیکورٹ بار راولپنڈی نےلاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کیساتھ میانوالی،گجرات سمیت دیگر علاقوں کے اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔