پولیس نظام میں اصلاحات سے کوئی مداخلت نہیں کر سکے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

September 12, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس ریفارمز کمیشن کے قیام کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے پروگرام کے تحت پولیس نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں، اصلاحات کے تحت پولیس میں کوئی مداخلت نہیں کر سکے گا، پولیس کو مکمل طور پر غیر جانبدار اور عوامی بنائیں گے جو عوام کی توقعات پر پورا اترے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ عوام کی دادرسی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے، سائلین کی خدمت پولیس کا بنیادی فرض ہے۔سردار عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ پولیس ریفارمز کمیشن کے قیام سے متعلق امور جلد سے جلد طے کئے جائیں اوراس ضمن میں سفارشات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ اجلاس میں پولیس ریفارمز کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ سےایک ٹرسٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدارنے کہا کہ میں عوام سے ہوں اور عوامی مسائل بخوبی جانتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کے پروگرام کو آگے لے کر چل رہے ہیں اورصوبے میں عوام کو بہترین سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں، تعلیم، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات لا کر بہتری کریں گے، ہماری نیت ٹھیک ہے اور قدم درست جانب اٹھ رہے ہیں۔ سردار عثمان بزدار سے ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (ٹریننگ) ائیر مارشل شاہد اختر علوی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے فضائی سرحدوں کی حفاظت کے فریضہ کی شاندار ادائیگی پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی فورس ہے اورپاکستان ائیر فورس کے شاہینوں کی تربیت کا معیاربہترین اورپیشہ وارانہ ہے-انہوں نے کہاکہ قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں پرفخر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں کا کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔عثمان بزدار نے میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے 1965کی جنگ میں ملک کے پرچم کو سر بلند رکھنے اور پاک دھرتی کی حفاظت کے لئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا اور دشمن کے مذموم عزائم کو بہادری اور شجاعت سے ناکام بنایا ۔