عمران خان کو5 ملین مکانات کی تیاری پر مفت مشورہ دے رہا ہوں، انیل مسرت

September 13, 2018

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) دولت مند برٹش پاکستانی تجارتی شخصیت انیل مسرت نے کہا ہے کہ وہ اپنے دوست عمران خان کی کابینہ میں کوئی رسمی عہدہ حاصل نہیں کر رہے ہیں مگر5 ملین مکانات کی تعمیر کیلئے عمران خان کے منصوبے پر مفت مشاورت فراہم کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد سے انیل مسرت کے کردار پر بہت شکوک شبہات پائے جاتے تھے، جن کی عمران خان اور دوسرے اعلیٰ پاکستانی حکام کے ساتھ تصاویر وائرل ہو گئی تھیں۔ حالیہ شبہات سرکاری میڈیا کی ان تصاویر سے پیدا ہوئے، جن میں وزیراعظم کو برطانوی شہریوں انیل مسرت اور صاحبزادہ جہانگیر کے ہمراہ ایک اجلاس میں دکھایا گیا تھا۔ میڈیا میں ان کے کردار اور نئی حکومت میں ان کی پوزیشن سے متعلق کئی سوالات بھی اٹھے تھے۔ انیل مسرت کو دوبارہ پیر کے روز کابینہ کے ایک اجلاس میں دیکھا گیا، جس کی صدارت وزیراعظم نے ملک بھر میں 5 ملین مکانات کی تعمیر کیلئے روڈ میپ کی تیاری پر کی تھی۔ صاحبزادہ جہانگیر، جوکہ فوزیہ قصوری کے بڑے بھائی ہیں، وہ عمران خان کے قریبی دوستوں اور پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں شامل ہیں۔ وہ سمندر پار پاکستانیوں پر عمران خان کے مشیر بھی ہیں جبکہ انیل مسرت کے عمران خان سے2004 سے تعلقات ہیں۔ اس نمائندے سے اپنے کردار پر پہلی بار گفتگو کرتے ہوئے انیل مسرت نے تصدیق کی کہ ان کا نئی حکومت میں کوئی رسمی کردار نہیں ہے اور نہ ہی وہ پاکستان میں بزنس کا کوئی ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میرے یورپ اور برطانیہ میں منافع کمانے والے بزنسز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری دلچسپی کی واحد وجہ میرا پاکستانی ہونا اور میری وطن کو کچھ دینے کی خواہش ہے۔ انہوں نے یہ بات واضح کر دی کہ وہ عمران خان کی جانب سے ہائوسنگ پر بنائی گئی ٹاسک فورس کو مشاورت کی فراہمی پر کوئی معاوضہ نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد یہ ہے کہ10000 نئے ڈیولپرز انڈسٹری میں لائے جائیں تا کہ جو لوگ اپنے مفادات کیلئے ہر چیز کا فیصلہ کرتے ہیں، ان سے کنٹرول لیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال وہ برطانیہ میں9000 مکانات بنا کر دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جن کی قیمت فروخت2 ارب پونڈز ہوگی۔